اپوزیشن قیادت کی طبیعت صاف کرنے کیلئے تیارہیں، طاہر بشیر چیمہ

  اپوزیشن قیادت کی طبیعت صاف کرنے کیلئے تیارہیں، طاہر بشیر چیمہ

  

لاہور(این این آئی) جنوبی پنجاب ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ اورسیاسی جوڑتوڑ کے ماہر طاہر بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صر ف اراکین پنجاب اسمبلی ہی نہیں بلکہ اراکین قومی اسمبلی کی بھی ہماری قیادت سے ملاقاتیں ہوئی ہیں،کیا مسلم لیگ(ن) کے اراکین اس لیڈر شپ کیلئے لڑیں جو ڈیل کر کے باہر بھاگ گئی ہے،فارورڈ بلاک کیلئے درکار مطلوبہ تعداد ہمارے ساتھ رابطے میں ہے اورجس دن قیاد ت کہے گی ملاقاتیں کرنیوالے اراکین اسمبلی کو سامنے لے آئیں گے۔ ایک نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹر ویو میں طاہر بشیر چیمہ نے کہا کہ میں اگرعمران خان سے مخلص ہوں تومجھے شورکرنے کی بجائے اپنا کام کرناہے جومیں کررہاہوں، (ن)لیگ صرف اراکین پنجاب اسمبلی ہی نہیں بلکہ کئی اراکین قومی اسمبلی کی بھی ہماری قیادت سے ملاقاتیں ہوئی ہیں،دوسری جماعتوں کے بھی اراکین قومی اسمبلی ہیں لیکن (ن) والوں کی زیادہ ملاقاتیں ہوئیں ہیں، (ن) لیگ کی قیادت انہی ار کا ن اسمبلی کا سودا کرکے ڈیل کرتے ہیں، شہبازشریف کیا کررہے ہیں؟، (ن) لیگ کے ارکان بیوقوف نہیں کہ ایسی قیادت کا اعتبار کریں۔ طاہر بشیر چیمہ نے کہا کہ فارورڈ بلاک کیلئے درکار مطلوبہ تعداد ہمارے سا تھ رابطے میں ہے،جس دن قیادت کہے گی ان سب ارکان اسمبلی کو سامنے لے آئیں گے۔ اپوزیشن کے اتنے اراکین اسمبلی رابطے میں کہ ان کی طبیعت صاف کرنے کیلئے کافی ہوں گے، جس دن ہمیں چیلنج کریں گے ان کا شیرازہ بکھر جائے گا۔ بس یہ سمجھ لیں کہ جنوبی پنجاب سے اپوزیشن کے تمام ارکان اسمبلی ہمارے سا تھ رابطے میں ہیں۔ا س سوال کہ اگر اپوزیشن ارکان کی حمایت ہے توپھر وز یر اعظم مائنس ون کی بات کیوں کرتے ہیں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان سچے،ایماندار اوردلیر لیڈرہیں لیکن سیاست میں تھوڑے بھولے بھالے ہیں،بعض اوقات جذبات میں ایسی بات ہوتی ہے لیکن وزیراعظم کسی بلیک میلنگ اوردباؤمیں نہیں آتے، جنوبی پنجاب سب سیکرٹریٹ کے فعال ہونے کے چند روز بعد اپوزیشن ارکان پر مقامی دباؤ آئے گا،اس مقامی دباؤ کے بعد پنجاب اسمبلی میں علیحدہ صوبے کی قرارداد کی مخالفت کوئی نہیں کرسکے گا،سب سیکرٹریٹ پہلا قدم ہے جس کا اختتام علیحدہ صوبہ ہی ہوگا۔

طاہر بشیرچیمہ

مزید :

صفحہ آخر -