مودی دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد بن چکا ہے،غلام محی الدین دیوان
لاہور(پ ر) تحریک انصاف شمالی لاہور کے صدر و ممبر کشمیر قانون سازاسمبلی غلام محی الدین دیوان نے کہا ہے کہ نریندر مودی دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد بن چکا ہے، مودی کے ہاتھ نہتے کشمیریوں خون سے رنگے ہوئے ہیں، قابض بھارتی فوج کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے تین سالہ نواسے کے سامنے اس کے ناناکو قتل کرکے ظلم او ر بربریت کی انتہاء کردی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،نانا کی لاش پر بیٹھے معصوم بچے نے دنیا کے ضمیر کو جنجوڑ کر رکھ دیا ہے،بے حس عالمی برادری اپنی آنکھیں کھولے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔
،اقوام متحدہ قابض بھارتی فوج کی بربریت کا فوری نوٹس لے، نریندرمودی اپنی اوچھی حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر میں فوج کی ظلم و ستم سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹاسکتا، عالمی انسانی حقوق علمبرداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے جو ایک طویل عرصے سے جاری مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، قابض بھارتی فورسز نے کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر ریاستی دہشتگردی کی انتہاء کردی ہے،پوری دنیا مظلوم کشمیریوں کی مدد کے لئے اٹھ کھڑا ہو نا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ قابض بھاری فوج نے مظلوم کشمیریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے وہ کئی ماہ سے اپنے گھروں میں بندہیں، مسلم ممالک کے حکمرانوں کومقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کو رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، مظلوم کشمیری قابض بھارتی فوج کے سامنے اپنی آزادی کی خاطر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔