بھارت کو کشمیر پر ڈھائے جانے والے مظالم کا حساب دینا ہو گا،اعجاز چودھری

بھارت کو کشمیر پر ڈھائے جانے والے مظالم کا حساب دینا ہو گا،اعجاز چودھری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمد چوہدری نے کہا کہ بھارت کونہتے کشمیریوں پر ڈھائے گئے ہر ظلم کا حساب دینا پڑ ے گا، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی گئی ہے تین سالہ معصوم فرشتے کے سامنے اس کے نانا کو گولیوں سے بھون کر شہید کر دیا گیا اس واقعہ نے دل دہلا دئیے ہیں، معصوم بچے کی تصویر اور ویڈیو نے دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا‘ ظالمانہ اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،یہ واقعہ ماورائے عدالت قتل کے زمرے میں آتا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ماروائے عدالت قتل کررہا ہے، پاکستان اس واقعے کو بھی ہرفورم پر اٹھائے گا۔

، انسانی حقوق کی تنظیمیں آخر کب تک خاموش رہیں گی، عالمی برادری کو دہرا معیاد ترک کرنا پڑے گا،یہ واقعہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے جو ایک طویل عرصہ سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نہتے کشمیریوں خصوصاً عورتوں اور بچوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، کشمیر میں آئے روز نہتے نوجوانوں کو شہید کیا جارہا ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ دنیا کی نظر میں اجاگر ہو رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے کو یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، حکومت پاکستان نہتے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم کے خلاف اپنی آواز ہر سطح پر بلند کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا، مسئلہ کشمیر صرف زمین کا تنازع نہیں بلکہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے،حق خود ارادیت جموں و کشمیر کے عوام کا بنیاد ی حق ہے، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ برہان وانی اور ریاض نیکو کی شہادت نے کشمیریوں کی جدو جہد آزادی میں نئی روح پھونکی ہے،وادی کے نوجوانوں میں آزادی کا جذبہ روز بروز بڑھ رہا ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی پاکستان کے22کروڑ عوام کشمیری بھائیوں کی ہر لحاظ سے حمایت جاری رکھیں گے۔