سٹیٹ بنک سکیم کے تحت ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا

  سٹیٹ بنک سکیم کے تحت ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا

  

اسلام آباد (اے پی پی) کورونا وائرس کی وباء کے دوران روزگارکے تحفظ کیلئے سٹیٹ بنک کی سکیم کے تحت اب تک 11 لاکھ، 83ہزار،242 ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیاہے۔سٹیٹ بنک نے کورونا وائرکے باعث پیدا ہونے والی معاشی مشکلات اور بے روزگاری روکنے کے لیے یہ سکیم متعارف کرائی ہے ، سکیم کے تحت کاروباری ادارے مستقل، کنٹریکٹ اور دیہاڑی دار سمیت ہر قسم کے ملازمین وآوٹ سورس کارکنان کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سستے قرضے حاصل کرسکتے ہیں۔

سکیم کے تحت اپریل 2020ء سے جون 2020ء کے دوران اپنے ملازمین کو برطرف نہ کرنے والے ادارے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں کے لیے 5 فیصد شرح سود پر قرض حاصل کرسکتے ہیں، فعال ٹیکس گزاروں کی فہرست میں شامل اداروں کو 4 فیصد کی شرح پر قرضہ کی سہولت دی گئی ہے ۔ سکیم میں ان چھوٹے کاروباری اداروں کو ترجیح دی جارہی ہے جن کاروباری اداروں کی تین ماہ کی اجرتوں اور تنخواہوں کا خرچ 20 کروڑ روپے تک ہے،وہ اس پوری رقم کی فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔ سٹیٹ بنک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق 26 جون تک اس سکیم کے تحت 2486کاروباری اداروں اورکمپنیوں نے 13 لاکھ،97ہزار،145ملازمین کے روزگارکے تحفظ کیلئے ایک کھرب39 ارب71 کروڑ روپے سے زائد کے قرضہ کیلئے درخواستیں دائر کیں۔اعدادوشمارکے مطابق سٹیٹ بنک نے ان میں سے 1817 اداروں اورکمپنیوں کی جانب سے ایک کھرب،19 ارب ،98 لاکھ روپے تک کے قرضہ درخواستوں کی منظوری دی اور یوں 11 لاکھ، 83ہزار سے زائد ملازمین کے روزگارکو تحفظ فراہم کیا گیا۔

مزید :

کامرس -