پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ تشویشناک، شاہد انجم

پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ تشویشناک، شاہد انجم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر)پولٹری چین سپلائرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی شاہد انجم اولکھ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ افسوسنا ک ہے، حکومت نے فوراً 25 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی بم گرا دیا ہے جس کی وجہ سے تمام شعبہ ہائے زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ جب سے موجودہ حکومت اقتدار میں آئی ہے اس وقت سے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں زوال کا شکار ہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پولٹری چین سپلائرز ایسوسی ایشن کے ہنگامی میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شاہد انجم اولکھ نے کہا کہ پہلے پی ٹی آئی نے آئے روز دھرنوں اور جلسے جلوسوں کے ذریعے معیشت کو نقصان پہنچایا اور اب اقتدار میں آ کر بھی کاروبار باری سرگرمیوں کو بدترین صورتحال سے دوچار کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے غیر حقیقی اور غیر معاشی فیصلوں کی وجہ سے عوام کے دل و دماغ میں حکومت کیلئے غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔ ایک جانب سمارٹ لاک ڈاؤن اور دوسری جانب مہنگائی نے عوام کی زندگی کو اجیرن بنا کر رکھ دیا ہے جبکہ جلتی پر تیل کا کام کیا پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے کی وجہ سے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ لیکن نااہل حکومت حالات کی سنگینی کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لیتے ہوئے کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں واضح کمی کا اعلان کیا جائے۔

مزید :

کامرس -