احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور آگاہی کیلئے علماء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے : جاوید مروت

  احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور آگاہی کیلئے علماء کا کردار انتہائی اہمیت کا ...

  

پشاور (سٹاف رپورٹر) کمشنر ڈیرہ ڈویژن جاوید مروت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات فراہم کرنیوالے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس، نرسنگ سٹاف، انتظامیہ، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا وائرس کی صورتحال، اقدامات اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے مجموعی طور پر 100روز مکمل ہونے کے موقع پر وانا (جنوبی وزیرستان)کے مقام پر منعقدہ تقریب کے دوران کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور انتظامیہ کے افسران سے ملاقات کے دوران کیا۔ تقریب کے آغاز میں پرچم کشائی بھی کی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وانا، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ساؤتھ وزیرستان و دیگر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس سٹاف اور اکابرین و معززین علاقہ بھی موجود تھے۔کمشنر ڈیرہ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرکو ہدایت کی کہ حفاظتی ٹیکہ جات اور پولیو ویکسی نیشن کے حوالے سے بھی کام جاری رکھا جائے جبکہ لشمینیاکے تدارک کے سلسلے میں بھی معاملات زیر بحث لائے گئے۔اس موقع پر ڈی ایچ او نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا میں آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے تاہم لوڈ شیڈنگ کے باعث مشکلات کا سامنا ہے جس پر کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ ساؤتھ وزیرستان کیلئے گومل زام سے بجلی کی ترسیل کیلئے کام جاری ہے جس سے جلد مشکلات کا ازالہ ہو جائیگا۔کمشنر ڈیرہ نے تمام فرنٹ لائن ورکرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور و آگاہی کیلئے علماء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر ڈیرہ نے کورونا کے خلاف خدمات فراہم کرنیوالے فرنٹ لائن ورکرز میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -