پشاور‘ چارسدہ روڈ میں ناروا لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری

  پشاور‘ چارسدہ روڈ میں ناروا لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری

  

پشاور (سٹی رپورٹر)پشاور کے علاقے چارسدہ روڈ شیرو جنگی اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس کے خلاف علاقہ مکینوں نے سخت احتجاج کرانے اور چارسدہ روڈ کو ہرقسم ٹریفک کیلئے بند کرانے کا اعلان کیا ہے اس حوالے سے علاقے کے سماجی رہنماء شیر محمد مہمند،سابق کونسلرطارق کمال،کونسلر منہاج پراچہ اورخالد ساقی نے کہاکہ بجلی کی مسلسل بندش سے عوام کی مشکلات بڑھ گئی ہیں گھروں اور مساجد میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے علاقے کے طلبہ کو آن لائن کلاسز لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے اور ان کی پڑھائی وقت پر مکمل نہیں ہو سکتی ایک طرف بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے تو دوسری طرف گرمی نے گھروں میں خواتین کی مشکلات بڑھا دی ہیں اور کاروبار زندگی بھی معطل ہے انہوں نے کہاکہ بجلی نہ ہونے سے کورونا کیسز بڑھنے کی بھی خدشات ہیں کیونکہ بچے اور جوان دن رات گھروں سے باہر موجود ہو کر ٹولیوں کی شکل میں بیٹھے رہتے ہیں گزشتہ ادوار میں احتجاج کرنیوالے تحریک انصاف کے لیڈرز اور کارکنوں سمیت صوبائی اور مرکزی حکومت نے بھی لوڈشیڈنگ پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے جس سے عوامی مسائل بڑھ رہے ہیں بجلی کے نرخوں میں اضافہ بھی حکومت کی جانب سے کیا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود پیسکو نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے ان کا کہنا تھا کہ اگر بجلی لو ڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا گیا توبطور احتجاج مذکورہ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کیلئے بلاک کرینگے ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -