قتل و اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں انتہائی مطلوب 161اشتہاری گرفتار

  قتل و اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں انتہائی مطلوب 161اشتہاری گرفتار

  

چارسدہ (سرتاج خان) قتل و اقدام قتل، نقب زنی اور دیگر سنگین مقدمات میں انتہائی مطلوب 161 اشتہاری مجرمان گرفتار۔ اے ایس آئی کے قتل میں مطلوب اشتہاری داماد کو قتل کرنے والی ساس اور شوہر کی قاتل بیوی بھی گرفتار۔ اسلام آباد میں تہرے قتل کیس میں مطلوب اشتہاری ملزمان بھی ڈرامائی انداز میں گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد شعیب خان نے 13جون کو چارج سنبھالتے ہی ڈی آئی جی شیر اکبر خان کی ہدایت پر تمام سرکل ڈی ایس پیز اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کے غیر معمولی اجلاس میں اشتہاری مجرمان، منشیات فروشوں، راہزن اور ڈکیت گروہوں سمیت لینڈ مافیا کے خلاف جنگی بنیادوں پر کاروائی کے احکامات جاری کر دئیے تھے۔ ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب خان کے ہدایات کے تحت چارسدہ کے تینوں تحصیلوں میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرکے کاروائیوں کا آغاز کر دیا۔ ڈی پی او چارسدہ کی نگرانی میں تنگی پولیس نے ایک بڑی کاروائی کے دوران شہزاد ٹاؤن اسلام آباد میں تہرے قتل کیس میں مطلوب تین خطرناک اشتہاری مجرموں کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کرلیا جبکہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ تنگی سرکل پولیس نے ایک اور بڑی کاروائی کے دوران اسسٹنٹ سب انسپکٹر خان ولی شاہ کے قتل میں مطلوب ملزم افتخار کو بھی گرفتار کرکے ان سے آلہ قتل برآمد کر لیا۔ دوسری طرف شبقدر سرکل پولیس نے اپنی ساس کو قتل کرنے والے خونی ملزم کو واردات کے بعد چند ہی گھنٹے کے اندر اندر آلہ قتل سمیت گرفتار کر کے قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا۔ چارسدہ سرکل میں ڈی ایس پی محمد اقبال خان کی سربراہی میں تھانہ پڑانگ کے ایس ایچ او گل مالک خان کی قیادت میں چھاپہ مار ٹیم نے ایک بڑی کاروائی کے دوران دوست کی ایماء پر اپنے شوہر کو قتل کرنے والی سفاک بیوی کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیاجبکہ خاتون کی نشاندہی پر دیگر دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب خان کی ہدایت پر ضلع بھر کے پولیس نے اغواء برائے تاوان، چوری اور منشیات کے بڑے ڈیلروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیوں کا آغاز کر تے ہوئے 70ملزمان کو گرفتا ر کرکے ان کے قبضہ سے 10کلا شنکوف، 226پستول 14ریفل 4کالا کوف اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد کر لئے جبکہ گرفتار ملزما ن کے قبضہ سے 167کلو گرام چرس 4کلو آئس،2کلو ہیرؤین اور 31بوتل شراب برآمد کرکے تمام ملزمان کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات درج کر لئے۔.

مزید :

پشاورصفحہ آخر -