ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں شدید آندھی سے بجلی سسٹم شدید متاثر

  ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں شدید آندھی سے بجلی سسٹم شدید متاثر

  

ملتان(نمائندہ خصوصی)ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں ہفتہ کی شب شدید آندھی سے بجلی سسٹم کو نقصان پہنچا۔ کئی علاقوں (بقیہ نمبر50صفحہ6پر)

میں ہائی ٹینشن پولز اور تاریں گرنے کے واقعات رونماہوئے اور 11KVفیڈرز سے بجلی کی فراہمی متاثرہوئی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر طاہر محمود کی ہدایت پر 9آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز کی زیر نگرانی ٹیمیں آندھی اور بارش سے متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کرنے کے لئے متحرک رہیں۔ ہفتہ کی شب تیز آندھی سے ملتان، خانیوال، شجاع آباد، مظفرگڑھ، لیہ، علی پور، ڈی جی خان، تونسہ، داجل، فورٹ منرو، راجن پور، فاضل پور،چوٹی، قصبہ مڑل، وہاڑی، میلسی، بوریوالہ، چیچہ وطنی، پاکپتن، بہاولنگر، عارفوالہ، ہارون آباد، صادق آباد، خانپور، لیاقت پور اور رحیم یار خان سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثرہوئی۔132KVچیچہ وطنی۔فاضل پور ٹرانسمیشن لائن کا ٹاور شدید آندھی سے زمین بوس ہوگیا لیکن ڈبل سرکٹ لائن ہونے کی وجہ سے صارفین کو بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی اور متبادل ذرائع سے فوری طورپر بجلی فراہم کردی گئی۔ شعبہ جی ایس سی اورجی ایس او نے فوری طورپر کام شروع کردیا۔ جنوبی پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کے لئے میپکو ریجن کے تمام آپریشنل سٹاف کو الرٹ کیاگیاتھا جنہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ٹی اینڈ پی کے بھرپور استعمال کے ساتھ بجلی کی بحالی کے لئے فیلڈ میں کام کیاہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر طاہر محمودنے جنوبی پنجاب میں ممکنہ بارشوں اور آندھیوں کے پیش نظر افسران وسٹاف کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ریجن کے تمام سپریٹنڈنگ انجینئرز کو جاری ہدایات میں کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آندھیوں اور شدید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر بجلی سسٹم پر گہری نگاہ رکھی جائے۔ بجلی بند ہونے کی صورت میں بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور سب ڈویڑنوں میں ایمرجنسی ٹرانسفارمرزٹرالیاں تیار رکھی جائیں۔ ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی صورت میں فوری طورپر ٹرالی نصب کرکے کم سے کم وقت میں بجلی کی بحالی یقینی بنائی جائے۔ لائن سٹاف مکمل ٹی اینڈ پی اور سیفٹی پالیسی کے تحت بجلی بحالی کے لئے کام کریں۔ فالٹ بھی کم سے کم وقت میں تلاش کرکے صارفین کی مشکلات دور کی جائیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی بارشوں کے دوران بجلی تنصیبات سے دور رہیں۔ بجلی بند ہونے کی صورت میں اپنے بلوں پر درج متعلقہ شکایت مرکز اور سب ڈویڑن کے لینڈ لائن نمبر پر رابطہ کریں۔بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اورتاروں سے دوررہیں اور اپنے جانوروں کو بھی بجلی کے کھمبوں سے مت باندھیں۔ صارفین، عام شہریوں اور میپکو سٹاف کی قیمتی جانوں کا تحفظ ہمارا فرض ہے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -