اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور: سینڈ یکیٹ اجلاس میں متعدد منصوبوں کی منظوری، سٹوڈنٹس کی فلاح کیلئے متعد د پروگرام شامل

      اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور: سینڈ یکیٹ اجلاس میں متعدد منصوبوں کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بہاول پور(بیورورپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی سینڈیکیٹ نے مالیاتی سال 2020-21کے لیے 5387.983 ملین روپے کے بجٹ اور تدریسی اصلاحات کے تحت نئی فیکلٹیوں اور شعبہ جات میں اضافے کی منظوری دے دی۔ سینڈیکیٹ کا اجلاس انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر کی زیر صدارت عباسیہ کیمپس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈاکٹر محمد افضل ممبر پنجاب اسمبلی، پروفیسر ڈاکٹر نیاز (بقیہ نمبر1صفحہ6پر)
احمد وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہور، پروفیسر ڈاکٹر صائقہ امیتاز آصف، وائس چانسلر گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور، پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد، پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر،سمیرا ملک،ڈاکٹر حافظ حیدر علی نمائندہ سیکریٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب، شہزاد اختر ملک نمائندہ سیکریٹری فنانس پنجاب،،ڈاکٹر غلام حسن عباسی، ایسوسی ایٹ پروفیسر، خلیل الرحمن اسسٹنٹ پروفیسر، کلثوم اختر لیکچرار، پروفیسر ڈاکٹر ابو بکر خزانہ دار اور پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل رجسٹرار و سیکریٹری نے شرکت کی۔اراکین نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی تعمیر وترقی اور طلباء وطالبات کی فلاح وبہبود پر مبنی بجٹ کو سراہا۔ موجودہ بجٹ میں فیسیں نہیں بڑھائی گئیں اور سکالرشپ کی مد میں اضافہ کیا گیا ہے اور طلباء وطالبات کے لیے سکالر شپ کی مد میں 383ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ گزشتہ چند ماہ میں داخلوں میں اضافے اور بہتر مالیاتی نظم ونسق کے باعث یونیورسٹی کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ترقیاتی بجٹ کی مد میں 1217.366ملین روپے رکھے گئے ہیں اور اور تین سالہ ترقیاتی پلان ڈویلپمنٹ کے تحت چار نئے اکیڈمک بلاکس تعمیر کیے۔ان میں فارمیسی، کنونشل میڈیسن، لائف سائنسز، ویٹرنری، کمپیوٹر سائنسز، فزکس اور بائیو کیمسٹری وبائیو ٹیکنالوجی شعبہ جات اور بہاولنگر کیمپس کے لیے تدریسی بلاک شامل ہیں۔ یونیورسٹی میں فیکلٹیوں کی تعداد 6سے بڑھا کر 13اور شعبہ جات کی تعداد 48سے بڑھا کر 123کر دی گئی ہے۔ تدریسی شعبہ جات کے سربراہوں کے تقرر کی بھی منظوری دی گئی۔ سینڈیکیٹ نے یونیورسٹی ٹیسٹنگ سروسز، ایگزیکٹو ٹریننگ سنٹر، سر صادق ریسرچ اینڈ کمپیوٹنگ سنٹر، ایچ ای سی ڈیٹا سنٹر اور ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس کے قیام کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں بہاول پور کے صحافیوں کے لیے الصادق سکالرشپ کی منظوری دی گئی جسکے تحت صحافیوں کے دو بچوں کو ہر سیشن میں فل سکالرشپ دئیے جائیں گے اور ایم فل و پی ایچ ڈی میڈیا سٹڈیز میں ہر سال ایک صحافی کو سکالرشپ پر داخلہ فراہم کیا جائے گا۔اجلاس میں گزشتہ سلیکشن بورڈوں، سلیکشن کمیٹیوں، اکیڈمک کونسل اور فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ مختلف انتظامی، مالیاتی اور تدریسی معاملات زیر غور آئے اور ملازمین کے پنشن، مشاہرات، سٹڈی لیو اور دیگر متعلقہ امور کی منظوری دی گئی۔