عباسی شہیداسپتال میں مفت ٹیسٹ کی سہولت سے عوام کا کے ایم سی اسپتالوں پر اعتماد بڑھا ہے: وسیم اختر

عباسی شہیداسپتال میں مفت ٹیسٹ کی سہولت سے عوام کا کے ایم سی اسپتالوں پر ...

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہریوں کو میڈیکل اور ہیلتھ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے نئے مالی سال میں 5097. 242 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، عباسی شہید اسپتال میں مفت کورونا وائرس ٹیسٹ کی سہولت سے شہریوں کا کے ایم سی کے اسپتالوں پر اعتماد بڑھا ہے اور ہم یہ بھر پور کوشش کررہے ہے کہ عباسی شہید اسپتال، کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز، کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز، لانڈھی میڈیکل کمپلیکس،اور سوبھراج ہسپتال سمیت دیگر تمام طبی اداروں کی کارکردگی اور سہولیات مزید بہتر کی جائیں تاکہ غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد ان اسپتالوں میں بلا معاوضہ طبی سہولیات سے مستفید ہوسکیں، یہ بات انہوں نے نئے مالی سال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے اسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کا رش بے انتہا ہے اور کراچی کے شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، مریضوں کے لواحقین اپنے بیمار افراد کو جگہ جگہ لئے پھر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے بڑے اسپتالو ں میں فیس اور اخراجات اتنے زیادہ ہیں کہ وہ سفید پوش اور غریب شہریوں کے لئے نا قابل برداشت ہیں، انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے داخلے کے لئے علیحدہ سے وارڈ قائم کردیا گیا ہے، جہاں 18 وینٹی لیٹرز کے ساتھ آئی سی یو کی سہولیات بھی موجود ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ اسی طرح لانڈھی کورنگی کے مکینوں کے لئے کارڈیک سینٹر لانڈھی میں فلٹر کلینک کی سہولت مہیا کی گئی ہے تاکہ شہری گھر کے قریب ترین جگہ پر ہی اپنا علاج کراسکیں، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی طرح کراچی شہر کی صورتحال بھی کورونا وائرس کے سبب غیر یقینی ہے، کورونا وائرس سے لوگ بری طرح سے متاثر ہیں، کاروبار بند ہیں، بیروزگاری تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث شہری ڈپریشن، شدید ذہنی دباؤ اور کرب کا شکار ہیں، ہمیں بحیثیت قوم انتہائی ہمت اور صبر سے ان حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ کئی ممالک کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں لیکن پاکستان میں ابھی صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے، میئر کراچی نے ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بیربل گینانی کو ہدایت کی کہ وہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام اسپتالوں کو فعال رکھیں انہیں بتدریج جدید طبی آلات، ادویات اور دیگر ضروری سامان فراہم کریں اور ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں، میئر کراچی نے کہا کہ بعض سینئر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف اسپتالوں سے غیر حاضر ہیں ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس وقت ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی طرف دیکھ رہی ہے اگر وہ قوم کو مایوس کریں گے تو حالات مزید خراب ہوں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے محدود وسائل میں ہی خدمات فراہم کرنا ہونگی، میئر کراچی نے کہا کہ میری ترجیحات میں شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا شامل ہیں، ا س لیے کوئی کوتاہی قابل برداشت نہیں ہوگی، میئر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں کورونا وائرس ٹیسٹ کے حوالے سے شہریوں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ ہم نے این ڈی ایم اے کے چیئرمین کو طبی آلات اور کٹس فراہم کرنے کی درخواست کی ہے اور توقع ہے کہ ہمیں یہ جلد مل جائیں گی جس کے بعد عباسی شہید اسپتال میں علاج معالجے کی مزید سہولیات مہیا ہوسکیں گی۔

مزید :

صفحہ اول -