برساتی نالوں کی صفائی، سیکرٹری بلدیات سندھ کی وزیر بلدیات کو بریفنگ 

برساتی نالوں کی صفائی، سیکرٹری بلدیات سندھ کی وزیر بلدیات کو بریفنگ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)مون سون کی آمد سے قبل شہر کے برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ کی جانب سے وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین کو بریفنگ دی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ نالوں میں موجود کچرا شفٹوں کی صورت میں بلاناغہ نکالا جارہا ہے اور تمام مرکزی برساتی نالوں سمیت ڈی ایم سیز کے زیر اہتمام نالوں پر بھی عملہ مستقل طور پر تعینات ہے۔ روشن علی شیخ نے بتایا کہ گزشتہ تین روز کے اندر کچرا برساتی نالوں سے نکال کر لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا جاچکا ہے اور ہر گزرتے پل کے ساتھ کام کی رفتار میں نہ صرف تیزی آرہی ہے بلکہ کارکردگی بھی بہتری کی جانب گامزن ہے۔ وزیر بلدیات سندھ کے استفسار پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے ان کو بتایا کہ برساتی نالوں پر واقع اہم اور ممکنہ چوکنگ پوائنٹس پر ڈی واٹرنگ پلانٹس کی تنصیب بھی تقریبامکمل ہوچکی ہے اور این ڈی ایم اے کے تعاون سے ان کی تنصیب کا عمل جلد مکمل کردیا جائے گا۔ اس حوالے سے وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی قبل ازوقت پیش رفت اور بروقت فیصلوں کی بدولت عوام کو برسات کے موسم میں تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ کے ایم سی، ڈی ایم سیز سمیت تمام متعلقہ محکموں کو برساتی نالوں کی صفائی مشن میں نہ صرف آن بورڈ رکھا گیا ہے بلکہ واضع طور پر ہدایات بھی دی گئی ہیں کہ آپس میں مکمل پیشہ ورانہ ہم آہنگی اور کوآرڈینیشن کو برقرار رکھا جائے۔ وزیر بلدیات سندھ کے مطابق عالمی بینک کے تعاون سے برساتی نالوں کی صفائی میں شفافیت اور معیار کا خاص خیال رکھا گیا ہے، کسی بھی ٹھیکیدار کو کارکردگی دکھائے بنا رقم کی ادائیگی نہیں کی جائے گی اور تمام نالوں کی مکمل صفائی بعد ہی واجبات ادا کئے جائیں گے۔ بعد ازاں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ نے وزیر بلدیات سندھ کو محکمہ بلدیات سندھ میں رین ایمرجنسی کے حوالے سے قائم مرکزی مانیٹرنگ یونٹ کے آپریشنل پلان اور کارکردگی پر رپورٹ پیش کی اور اس سے وابستہ ضلعی مانیٹرنگ یونٹس کا بھی احوال پیش کیا۔

مزید :

صفحہ اول -