مائیکرو ویو کے ذریعے کرنسی نوٹ ڈس انفیکٹ کرنے کی کوشش کا کیا نتیجہ نکلتا ہے؟ ایسا تجربہ کرنے سے پہلے آپ بھی نتیجہ جان لیں
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) نقدی بھی کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کا ایک بڑا سبب ہے، چنانچہ دبئی پولیس کی طرف سے لوگوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے کرنسی نوٹوں کو باقاعدگی سے ڈس انفیکٹ کرتے رہیں۔ اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے دبئی کے ایک شہری نے نوٹوں کو ڈس انفیکٹ کرنے کا ایسا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے کہ رقم سے ہی ہاتھ دھو بیٹھا۔ گلف نیوز کے مطابق اس آدمی کے ذہن میں یہ بات سمائی ہوئی تھی کہ زیادہ ٹمپریچر پر کورونا وائرس مر جاتا ہے چنانچہ اس نے اپنے کرنسی نوٹوں کو مائیکروویو اوون میں رکھ دیا۔
رپورٹ کے مطابق مائیکروویو میں زیادہ درجہ حرارت ہونے پر اس آدمی کے نوٹ جزوی طور پر جل گئے۔ اس آدمی کی یہ حرکت سامنے آنے پر دبئی حکام کی طرف سے لوگوں کے لیے نئی تنبیہ جاری کی گئی ہے جس میں انہیں مائیکروویو میں نوٹ گرم کرنے سے منع کیا گیا ہے اور انہیں ڈس انفیکٹ کرنے کے دیگر طریقے بتائے گئے ہیں۔ حکام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ نوٹوں اور سکوں کو ڈس انفیکٹینٹ سپرے کے ذریعے ڈس انفیکٹ کریں۔ مائیکروویو میں گرم مت کریں۔ واضح رہے کہ مائیکروویو میں گرم کرنے سے نوٹ جلنے کی خبریں کورونا وائرس کی وباءآنے کے بعد کئی ممالک سے سامنے آ چکی ہیں۔