دنیا میں کورونا پھیلنے، چین میں طاعون سامنے آنے کے بعد سنگاپور میں بھی خطرناک بیماری پھیل گئی

دنیا میں کورونا پھیلنے، چین میں طاعون سامنے آنے کے بعد سنگاپور میں بھی ...
دنیا میں کورونا پھیلنے، چین میں طاعون سامنے آنے کے بعد سنگاپور میں بھی خطرناک بیماری پھیل گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سنگاپور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک ایسے وقت میں جب دنیا کورونا وائرس سے لڑ رہی ہے اور چین سے خطرناک قسم کا سوائن فلواور طاعون پھیلنے کا خدشہ  ظاہر کیا جارہا ہے تو ایسے میں سنگاپور میں ڈینگی وائرس کے مریض سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

27 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سنگاپور میں ڈینگی کے ایک ہزار 468 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں رواں سال سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 14 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران سنگاپور میں مسلسل ایک ہزار سے زائد ڈینگی کیسز سامنے آرہے ہیں۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سنگاپور ڈینگی کے بدترین بحران کا سامنا کرنے جارہا ہے۔ اس سے قبل 2013 میں سنگاپور میں ڈینگی پھیلا تھا جس کے دوران 22 ہزار 170 کیسز رپورٹ ہوئے تھے لیکن رواں سال صورتحال زیادہ گمبھیر ہوتی جارہی ہے۔

 ماہرین کے مطابق اکتوبر سے دسمبر تک ڈینگی خطرناک صورتحال اختیار کرجائے گا کیونکہ یہ مچھروں کی افزائش کا وقت ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے جس کی کوئی ویکسین تاحال سامنے نہیں آئی۔ ابھی کورونا کا علاج ملا نہیں کہ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چین کے خنزیروں سے خطرناک قسم کا سوائن فلو پھیل سکتا ہے۔

ابھی دنیا سوائن فلو کے خوف کو ٹھیک طریقے سے محسوس بھی نہیں کرپائی تھی کہ اب چین اور منگولیا میں طاعون پھیلنے کی خبریں سامنے آنے لگی ہیں۔ ایسی خبروں کے بیچ ڈینگی کا شدید حملہ صرف سنگاپور کیلئے ہی نہیں بلکہ پاکستان کیلئے بھی خطرے کی گھنٹٰی ہے۔