کرکٹ میچز کے دوران تماشائیوں کی غیر موجودگی کا حل نکال لیا گیا، اہم فیصلہ ہو گیا

کرکٹ میچز کے دوران تماشائیوں کی غیر موجودگی کا حل نکال لیا گیا، اہم فیصلہ ہو ...
کرکٹ میچز کے دوران تماشائیوں کی غیر موجودگی کا حل نکال لیا گیا، اہم فیصلہ ہو گیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا کے باعث فٹ بال کی طرح کرکٹ میچ کے دوران خالی سٹیڈیم میں مصنوعی تماشائیوں کا شور لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کا استعمال ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں کیا جائے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق نقلی تماشائیوں کاشور اور میوزک چلانے کے حوالے سے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ میں اتفاق ہوگیا ہے جس کے تحت دونوں ٹیموں کے درمیان شیڈول ٹیسٹ سیریز کے دوران شائقین کرکٹ کا مصنوعی شور سٹیڈیم میں استعمال کیا جائے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق خالی سٹیڈیم میں مصنوعی شورکا مقصدکھلاڑیوں کوپہلے جیسا ماحول فراہم کرنا ہے جس کیلئے پرانے میچز کی آڈیوز کو ایڈٹ کیا جا رہا ہے۔ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیزکی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 8 جولائی سے ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں ختم ہو کر رہ گئی ہیں جن کی بحالی کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے اور بغیر تماشائیوں کے مقابلے شروع کرانے پر زور دیا جارہا ہے تاکہ گھر بیٹھے افراد کو تفریح فراہم کی جا سکے۔ یورپ کے مختلف فٹ بال کلبوں کی جانب سے خالی سٹیڈیم میں مصنوعی آوازوں کا استعمال کیا جارہاہے تاکہ کھلاڑی اجنبیت محسوس نہ کریں۔

گزشتہ دنوں بیلا روس میں ہونے والے ایک فٹ بال میچ میں مصنوعی آوازوں کے ساتھ سٹیڈیم میں گتے کے شائقین بھی بٹھائے گئے تھے جبکہ اب ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں بھی مصنوعی شور لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز میں بھی اس کے استعمال کا قوی امکان ہے۔

مزید :

کھیل -