انتظار کی گھڑیاں ختم، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچز کی حتمی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا

انتظار کی گھڑیاں ختم، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچز کی حتمی تاریخوں کا ...
انتظار کی گھڑیاں ختم، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچز کی حتمی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان کیخلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کیخلاف 5 اگست سے یکم ستمبر کے درمیان مانچسٹر اور ساؤتھمپٹن میں میچز کھیلے گی۔

تفصیلات کے مطابق ای سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے تحت پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز پانچ اگست سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ پر پہلے ٹیسٹ کے ساتھ شروع ہوگی جس کے بعد دونوں ٹیمیں ساؤتھمپٹن روانہ ہوگی جہاں دوسرا ٹیسٹ 13 اگست اور تیسرا ٹیسٹ 21 اگست سے شروع ہوگا۔

ساؤتھمپٹن میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں تین ٹی 20 میچز کی سیریز کیلئے ایک بار پھر مانچسٹر آئیں گی جہاں ٹی 20 میچز 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو ہوں گے، پہلا اور تیسرا ٹی 20 ڈے نائٹ ہوگا جبکہ دوسرا ٹی 20 دن کے وقت میں ہی مکمل ہوجائے گا۔

سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم پہلے ہی انگلینڈ پہنچ چکی ہے اور اس وقت ووسٹر میں ابتدائی قرنطینہ اور ٹریننگ کیلئے موجود ہے جہاں سے ٹیم 13 جولائی کو ڈربی روانہ ہوگی، ڈربی میں پاکستان کرکٹ ٹیم باضابطہ ٹریننگ کرے گی جس میں دو انٹر سکواڈ چار روزہ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ تمام میچز تماشائیوں کے بغیر بائیو سیکیور ماحول میں کھیلے جائیں گے جبکہ پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل انگلش ٹیم ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ سے بھی سیریز کھیلے گی اور یہ تمام میچز بھی تماشائیوں کے بغیر ہی ہوں گے البتہ اس کمی کو پورا کرنے کیلئے سٹیڈیم میں مصنوعی شور کا استعمال کیا جائے گا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹوم ہیرسن کا کہنا ہے کہ ای سی بی پاکستان کرکٹ بورڈ، پاکستانی کرکٹرز اور سپورٹ سٹاف سمیت آئرلینڈ اور ویسٹ انڈین حکام کا بھی کا شکر گزار ہے کہ انہوں نے انگلینڈ میں کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا۔

مزید :

کھیل -