پاکستان کے طبی عملے کو اپنے ملک بلانے والے کویت نے 8 لاکھ بھارتیوں کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا

پاکستان کے طبی عملے کو اپنے ملک بلانے والے کویت نے 8 لاکھ بھارتیوں کو فارغ ...
پاکستان کے طبی عملے کو اپنے ملک بلانے والے کویت نے 8 لاکھ بھارتیوں کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کویت سٹی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کویت نے غیر ملکی باشندوں کے حوالے سے ایک نئی قانون سازی پر کام شروع کیا ہے جس کے باعث 8 لاکھ بھارتیوں کے بیروزگار ہونے کا خدشہ ہے۔

وائس آف امریکہ کے مطابق کویت کی قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے قانونی امور نے غیر ملکی تارکین وطن کی تعداد کم کرنے کے حوالے سے بل کے مسودے کی منظوری دے دی ہے ، اگر اس بل نے قانون کی شکل اختیار کرلی تو 8 لاکھ بھارتیوں کے بیروزگار ہونے کا خدشہ ہے۔

مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ ملک کی مجموعی آبادی 48 لاکھ ہے جس میں بھارتی شہریوں کی تعداد 15 فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ اس وقت کویت میں 14 لاکھ بھارتی کام کر رہے ہیں۔

2018 میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق کویت سے بھارت کو 4 ارب 80 کروڑ ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہوا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی کم ہوتی قیمتیں اور عالمی کساد بازاری عرب ممالک کیلئے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے جس کی وجہ سے دیگر ممالک کی طرح کویت بھی تارکین وطن کی تعداد کم کررہا ہے۔ مذکورہ بالا بل میں بھارتی شہریوں کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے شہریوں کا بھی کوٹہ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت کویت میں مقامی آبادی 30 جبکہ تارکین وطن کی تعداد 70 فیصد ہے۔ ایک ماہ قبل کویتی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ہمیں آبادی میں توازن پیدا کرنا ہوگا نہیں تو مستقبل میں ہمارے لیے بہت زیادہ مشکلات پیدا ہوجائیں گی۔

دوسری جانب کویت نے پاکستان کے ساتھ طبی عملے کے حوالے سے ایک نیا معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستانی ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف ترجیحی بنیادوں پر کویت میں ملازمتیں حاصل کرسکے گا۔

مزید :

عرب دنیا -