چار سال تک وزیر خارجہ تعینات نہ کرنے والے کس منہ سے خارجہ پالیسی کی بات کرتے ہیں۔۔ ملیکہ بخاری نے مریم نواز کو کھری کھر ی سنادیں

چار سال تک وزیر خارجہ تعینات نہ کرنے والے کس منہ سے خارجہ پالیسی کی بات کرتے ...
چار سال تک وزیر خارجہ تعینات نہ کرنے والے کس منہ سے خارجہ پالیسی کی بات کرتے ہیں۔۔ ملیکہ بخاری نے مریم نواز کو کھری کھر ی سنادیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی رہنما اور پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری نے مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف نے ایک بار کلبھوشن کا نام نہیں لیا، وہ لوگ آج ہمیں مودی کے خلاف طعنے دے رہے ہیں ، جو چار سال تک اپنا وزیر خارجہ تعینات نہ کر سکے وہ خارجہ پالیسی کی بات کس منہ سے کرتے ہیں؟،مسلم لیگ ن میں اب شہباز شریف اور مریم نواز گروپ ہے ، چچا بھتیجی دونوں اپنے مقاصد کے حصول کے لئے لڑ رہے ہیں۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھی عمران خان کا نام ہی گونجے گا،مودی کو اپنے گھر بلانے، گلابی رنگ کی پگڑیاں پہنانے والے کس منہ سے کشمیریوں کا سامنا کریں گے،گلگت بلتستان انتخابات میں عوام کے ہاتھوں مسترد ہونے والے کشمیر میں بھی شکست کھائیں گے ، نواز شریف کی خارجہ پالیسی یہ تھی کہ وزارت خارجہ کو کچھ پتہ نہ تھا کہ کون سی پالیسی چلا رہے ہیں ، نواز شریف کی خارجہ پالیسی یہ تھی کہ انکے بھارتی کاروباری دوست خاموشی سے آتے اور ڈیل کر کے چلے جاتے۔
پارلمیانی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں مریم نواز اور شہباز شریف دونوں وزیراعظم بننا چاہتے ہیں ، عوام نے پوری جماعت کو مسترد کر دیا ہے ، اداروں کو متنازعہ بنانے والے اب مفاہمت کی بات کر رہے ہیں ، مریم نواز کا مزاہمت کا بیانیہ اب مفاہمت میں بدل چکا ہے ، عوام بھی ان کو پہچان گئی ، سارا مقصد اقتدار کی جنگ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے بعد مسلم لیگ ن میں بھی لڑائی ہو گئی ہے، شاہد خاقان نے شہباز شریف کے خلاف بیان دیا اور اب مکر گئے ہیں۔