عمران ریاض کی گرفتاری، تحریک انصاف کا ملک گیر مظاہروں کا اعلان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اینکر پرسن عمران ریاض خان کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے ٹوئٹر پر اعلان کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے ورکرز پریس کلبوں کے سامنے ملک بھر میں عمران ریاض خان کی گرفتاری اور آزادی اظہار کو دبانے کی کوشش کے خلاف احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران ریاض خان کی گرفتاری قابلِ مذمت ہے. رائے کے اظہار کا جواب دلیل سے دیا جاتا ہے گرفتاری سے نہیں.
عمران ریاض کی گرفتاری کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا "آج ہی عمران خان نے پاکستان میں صحافیوں پر پابندیوں کے حوالے سے تفصیلی بات کی تھی اور کہا تھا کہ ملک میں فاشسٹ حکومت اپنے خلاف تنقیدی آوازوں کو دبانے کیلئے تیسرے درجے کے ہتھکنڈے استعمال کرے گی، عمران ریاض کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، امید ہے عدالتیں کھلیں گی اور انصاف ہو گا۔"
پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ عمران ریاض راہِ حق پر کھڑے ہونے کی قیمت چکا رہے ہیں، اللہ ان کا حامی و ناصر ہو۔
کل پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز پریس کلبوں کے سامنے ملک بھر میں عمران ریاض خان کی گرفتاری اور آزادی اظہار کو دبانے کی کوشش کے خلاف احتجاج کریں گے
— Asad Umar (@Asad_Umar) July 5, 2022