آئی جی سندھ کے احکامات دھرے کے دھرے ،مجرمانہ ریکارڈ والے پولیس افسران عہدوں پر براجمان
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن کے محکمہ پولیس میں مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے اہلکار و افسران کوعہدوں سے ہٹانے کے حکم کے باوجود تمام اہلکار و افسران عہدوں پر براجمان ہیں۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز " نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آئی جی سندھ نے محکمہ پولیس میں مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے اہلکار و افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا تھا ان افسران میں کچھ ایسے افسران بھی شامل ہیں جن کو سپریم کورٹ نے برطرف کرنے کا حکم دیا تھا۔
2017 اور 2018 میں بھی سپریم کورٹ کے حکم پر اس وقت کے آئی جی سندھ نے 130 پولیس افسران کو جبری برطرف کرنے کے علاوہ 19 اعلیٰ پولیس افسران کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کیے گئےتھے تاہم کرمنل ریکارڈ کے حامل ان افسران کی بڑی تعداد انکوائریز ختم کرانے کے بعد آج بھی مختلف عہدوں پر تعینات ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ پولیس کے سربراہ کے احکامات کے باوجود سیاسی بنیادوں پر آج بھی حیدرآباد کے 63 ، جامشورو کے 62، مٹیاری کے 67 اور ٹنڈوالہیار کے 22 پولیس افسران تاحال عہدوں پر تعینات ہیں۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئےڈی آئی جی حیدرآباد پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ ان افسران کے خلاف انکوائری جاری ہے۔