سڑک حادثے میں شہری کی موت دراصل قتل نکلا، اہلیہ نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر مروایا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک خاتون نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر کرائے کے قاتل کے ذریعے شوہر کو قتل کروا دیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق 43سالہ مقتول شلیش پرجاپتی احمد آباد کے پوش علاقے واسترال کا رہائشی تھا۔ اس کی 40سالہ اہلیہ شردھا پرجاپتی عرف سواتی نے نیتن نامی ایک کاروباری شخص کے ساتھ ناجائز مراسم استوار کر لیے۔
سواتی سے بلارکاوٹ ملنے کے لیے نیتن نے شلیش کو اپنا بزنس پارٹنر بنا لیا تاہم کچھ عرصے بعد شلیش کو اپنی بیوی اور نیتن کے تعلق کا علم ہو گیا جس کے بعد میاں بیوی میں اکثر جھگڑا رہنے لگا۔ اس پر سواتی اور نیتن نے شلیش کوقتل کرنے کی منصوبہ بندی کر لی۔ انہوں نے 10لاکھ روپے دے کر ایک کرائے کے قاتل کو روڈ ایکسیڈنٹ میں شلیش کو قتل کرنے کو کہہ دیا۔
گزشتہ ماہ یاسین عرف کینی نامی کرائے کے قاتل نے شلیش کو پیدل صبح کی سیر پر جاتے ہوئے گاڑی سے کچل کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ قاتل شلیش کو قتل کرنے کے بعد وہاں سے گاڑی بھگا لے گیا تاہم یہ واردات سڑک پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہو گئی، جس کی مدد سے قاتل کو گرفتار کرکے تفتیش کی گئی تو اس نے سواتی اور نیتن کے جرم کا بھانڈا پھوڑ دیا جس پر ان دونوں کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیاہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔