فضائی ٹکٹ پر لاگوفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کردی گئی

فضائی ٹکٹ پر لاگوفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کردی گئی
فضائی ٹکٹ پر لاگوفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کردی گئی
سورس: File Photo

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے غریب طبقے پر ٹیکسز کی بھرمار کرنے والی حکومت نے بجٹ 2022-23ءمیں امراءکے لیے ایئرٹکٹ پر لاگو کی گئی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کر دی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں حکومت کی طرف سے ملک کے امیر طبقے پر سب سے بڑا یہی ٹیکس لگایا گیا تھا۔ان پر کلب، بزنس اور فرسٹ کلاس انٹرنیشنل ایئرٹکٹس پر 50ہزار روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی تھی، جس میں اب 20ہزار روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی طرف سے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ حالیہ بجٹ میں بوجھ ملک کے امیر طبقے اور اشرافیہ پر ڈالا گیا ہے مگر اس اقدام سے ان کے اس دعوے کی قلعی کھل گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی طرف سے لگژری کلاسز کے ایئرٹکٹس پر لاگو ڈیوٹی میں کمی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اب ایف بی آر کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ایف بی آر کی طرف سے پہلے ہی یہ واضح کیا جا چکا ہے کہ یکم جولائی 2022ءسے قبل خریدے گئے ایئرٹکٹس پر ڈیوٹی میں اضافہ لاگو نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ قبل ازیں ایئرٹکٹس پر 10ہزار روپے ڈیوٹی عائد تھی جسے موجودہ حکومت نے بجٹ میں بڑھا کر50ہزار روپے کر دیا تھا۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -