سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان شعیب اور کامران اکمل فارغ

سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان شعیب اور کامران اکمل فارغ

  



              لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے 31سینئر اور جونیئر قومی کرکٹرز کو مختلف کیٹیگریوں کے تحت سال 2014کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کردیا ہے جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے معاوضے میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔سینٹر ل کنٹریکٹ کے لئے اعلان کردہ کھلاڑیوں کو اے بی سی اور ڈی چار مختلف کیٹگریوں میں رکھا گیا ہے اے کیٹیگر ی میں پانچ کھلاڑی جن میں کپتان مصبا الحق ،محمد حفیظ ،سعید اجمل ،شاہد آفریدی ،جنید خان ،بی کیٹیگر ی میں چار کھلاڑی جن میں یونس خان ،احمد شہزاد ،عمر اکمل ،عمر گل ،سی کیٹیگر میں چھ کھلاڑی جن میں اسد شفیق ،اظہر علی ،عدنان اکمل ،خرم منظور ،ناصر جمشید ،عبدالر حمان ،کیٹیگر ی ڈی میں 16کھلاڑی جن میں شعیب مقصود ،سرفراز احمد ،بلاول بھٹی ،شرجیل خان ،ذوالفقار بابر ،فواد عالم ،احسان عدیل ،محمد عرفان ،وہاب ریاض ،رضا حسن ،عمر امین ،حارث سہیل ،راحت علی ،شان مقصود ،محمد طلحہ ،اور انور علی شامل ہیں ۔ چیف سلیکٹر اور مینجر معین خان نے کہا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے نہ صرف ماہانہ معاوضہ میں اضافہ کیا گیا ہے بلکہ ٹیسٹ میچ اور ون ڈے میچ کی فیس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔سیریز جیتنے کا بونس اور اسپانسر ز سے حاصل ہونے والی لوگو فیس میں کھلاڑیوں کے حصہ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔پی سی بی نے تما م کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے ماہانہ معاوضہ میں 25فیصد اضافہ ،ٹیسٹ میچ کی فیس میں 25فی صداضافہ جبکہ ون ڈے کی فیس میں 10فی صد کا اضافہ کیا گیا ہے ۔جبکہ آئی سی سی رینکنگ کی ٹاپ تھری ٹیموں اور بھارت کے خلاف سیریز کی جیت کا بونس 200فیصد سے بڑھا کر 250فی صد کردیا گیا ہے ۔اسپانسرز کی طرف سے حاصل کردہ لوگو فیس میں کھلاڑیوں کے حصہ میں 15فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ انفرادی پرفارمنس پر ملنے والے معاوضے کو بھی بہتر کیا گیا ہے ۔

سینٹرل کنٹریکٹ میں اضافہ کا اطلاق یکم جنوری 2014سے ہوگا ۔سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دینے والی پی سی بی کی کمیٹی میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان ۔چیف سلیکٹر معین خان اور محمد اکرم شامل ہیں ۔ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے کھلاڑیوں کے ناموں کی لسٹ فارم اور پرفارمنس ،فٹنس لیول اور مستقبل کے پوٹینشل کو مد نظر رکھ کر مرتب کی ہے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...