گیس ڈویلپمنٹ سرچارج میں اضافے سے قیمتیں بڑھ جائیں گی: ظہیر بھٹہ

گیس ڈویلپمنٹ سرچارج میں اضافے سے قیمتیں بڑھ جائیں گی: ظہیر بھٹہ

  



لاہور(کامر س رپورٹر)چیئرمین لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ظہیر بھٹہ نے کہا ہے کہ بجٹ میں گیس ڈویلپمنٹ سرچار ج کی شرح میں سو روپے فی ایم ایم بی ٹو یو اضافہ کی وجہ سے گیس اور سی این جی کی قیمتوں میں 9روپے تک اضافہ ہوجائے گا ۔جس کے باعث گیس سے چلنے والی صنعتوں کی پیداواری لاگت بڑھے گی اور اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے عوام متاثر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اشیاءکی ترسیل کیلئے سی این جی مہنگی ہونے سے ٹرانسپورٹیشن اخراجات میں بھی اضافہ ہوگا جو بلواسطہ طور پر عوام پر منتقل ہوگاجس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔

 ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے میاں خرم الیاس سینئر وائس چیئرمین ،عامر عطاءباری وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاﺅن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ظہیر بھٹہ نے سوئی نادرن گیس کمپنی کی جانب سے صنعتی مقاصد کیلئے گیس لوڈشیڈنگ شیڈول اور صنعتوں کو صرف2یوم گیس کی فراہمی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس سے چلنے والی انڈسٹریز کو ہفتہ میں2دن گیس کی فراہمی جبکہ 5یوم لوڈشیڈنگ کے باعث انڈسٹری تباہ ہوجائے گی۔5یوم انڈسٹریز بند ہونے کے باعث صنعتکاروں کو نقصان کا سامنا ہے جبکہ اس فیصلہ سے ہزاروں صنعتی مزدور بے روزگار ہوجائیں گے۔اس لیے حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور صنعتوں کو ہفتہ میں7یوم گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

مزید : کامرس


loading...