وزیر زراعت سندھ 9 جون کو سندھ مینگو فیسٹیول کا افتتاح کریں گے

وزیر زراعت سندھ 9 جون کو سندھ مینگو فیسٹیول کا افتتاح کریں گے

  



کراچی (اکنامک رپورٹر) سندھ کے زراعت اور سپلائی اینڈ پرائسز کے محکموں کے وزیر سردار علی نواز خان مہر 9 جون کو میرپور خاص میں سندھ کی سالانہ آموں کی نمائش ” سندھ مینگو فیسٹیول “ کا افتتاح کریں گے ۔ آموں کی یہ تین روزہ نمائش 9 سے 11 جون تک جاری رہے گی ۔ نمائش میں سندھ میں پیدا ہونے والے سینکڑوں اقسام کے آموں کے 500 سے زائد اسٹال موجود ہوں گے ۔ جبکہ آموں سے مختلف مصنوعات بنانے والی متعدد کمپنیاں بھی نمائش میں اپنی مصنوعات کے اسٹال سجائیں گی ۔وزیر زراعت سندھ سردار علی نواز خان مہر نے آج اپنے دفتر میں محکمہ زراعت کے سینئر افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے آموں کو دنیا بھر کی منڈیوں میں متعارف کرانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ صوبے کو قیمتی زر مبادلہ میسر آسکے ۔

اس موقع پر وزیر زراعت کو بتایا گیا کہ سندھ میں آموں کی سالانہ پیداوار تقریباً 4 لاکھ ٹن ہے اور پاکستان سے اس سال کی اب تک کی آموں کی ایکسپورٹ ایک لاکھ ٹن سے زائد رہی ہے ۔وزیر زراعت سندھ سردار علی نواز خان مہر نمائش کے افتتاح کے بعد مختلف اسٹالز کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ اسی مناسبت سے منعقدہ ایک سیمینار سے بھی خطاب کریں گے جس میں کاشتکار ‘ سندھ آباد گار بورڈ اور سندھ چیمبر آف ایگری کلچر کے اراکین کے علاوہ منتخب عوامی نمائندے اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی شرکت کریں گے ۔

مزید : کامرس


loading...