آزادکشمیرمیں صنعتی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے‘چیف سیکرٹری

آزادکشمیرمیں صنعتی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے‘چیف سیکرٹری

  



میرپور(این این آئی)آزادکشمیرمیں صنعتی ترقی ، بیمار صنعتی یونٹوں کی بحالی، نئے صنعتی یونٹوں کے قیام، میرپوربھمبر اور آزادکشمیرکے دیگر علاقوں میں قائم انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعتکاروں کو جدید اور بنیادی سہولیات کی فوری اور فراہمی ، ٹیکس اور قرضوں کے معاملات حل کرنے، میرپور انڈسٹریل اسٹیٹ کودینہ سے ریلوے ٹریک سے منسلک کرنے اور سوئی گیس کی فراہمی جیسے مسائل کے حل کے لیے آج یہاںآزادکشمیر انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس محکمہ صنعت وتجارت کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت آزادکشمیرحکومت کے چیف سیکرٹری حضرحیات گوندل نے کی جبکہ اجلاس میں آزادکشمیرحکومت کے سیکرٹری مالیات چوہدری محمدیوسف خان، سیکرٹری صنعت وتجارت محمداکرم سہیل، سیکرٹری قانون محمدادریس عباسی، سیکرٹری برقیات محمدمنیرقریشی، کمشنر انکم ٹیکس آزادکشمیر مرزاذوالفقارعلی، ڈپٹی کمشنرانکم ٹیکس چوہدری عاصم شوکت ، ڈائریکٹر صنعت وتجارت سید علی اصغرشاہ، جوائنٹ ڈائریکٹر انڈسٹری زاہد انجم،آزادجموں وکشمیرچیمبرآف کامرس کے صدرچوہدری عظیم مشتاق و دیگرنے شرکت کی۔اجلاس میں ڈائریکٹرانڈسٹری آزادکشمیر سید علی اصغرشاہ نے اجلاس کے اغراض ومقاصد بیان کیے۔

چیف سیکرٹری آزادکشمیر حضر حیات گوندل نے کہاکہ آزادکشمیرمیں صنعتی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انھوںنے کہاکہ صنعتی ترقی سے ہی بے روزگاری جیسے بڑے مسائل پر قابوپایاجاسکتاہے اورمعاشی طورپر عوام اورملک خوشحال ہوسکتے ہیں۔انھوںنے کہاکہ آزادکشمیرمیں صنعتکاروں کو درپیش مسائل ومشکلات کو ترجیح بنیادوں پر اور ہنگامی اقدامات کے ذریعے دور کیاجائے گا۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں صنعتکاروں کو ٹیکس میں رعایت ،بینکوں سے قرضوں کی فراہمی اور انڈسٹریل اسٹیٹ میں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ آزادکشمیرمیں صنعتی ترقی اور بیمارصنعتی یونٹوں کی بحالی کے لیے سیکرٹری صنعت وتجارت کے ہمراہ ایک فنانشل ایڈوائز رکا تقررکیاجائے گا اور انڈسٹری اسٹیٹ کو دینہ سے ریلوے ٹریک کے ذریعے ملانے کے لیے آزادجموں وکشمیرچیمبرآف کامرس کے صدرچوہدری عظیم مشتاق ، چوہدری محمدسعید اور ڈائریکٹرانڈسٹری سید اصغرعلی شاہ پر مشتمل کمیٹی بنائی گی جووفاقی وزارت ریلوے سے رابطہ قائم کرنے اور اس منصوبے کوقابل عمل بنائے گی۔ اجلاس میں میرپورانڈسٹریل ایریامیں سوئی گیس کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں انڈسٹریل ایریا اور آزادکشمیرکے دیگرعلاقوں میں ٹیکس چھوٹ کے حوالے سے فیصلوں پرقانون وآئین کے مطابق مکمل عملدرآمد کا فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں انڈسٹریل اسٹیٹ میںبجلی کی بلاتعطل فراہمی کے حوالے سے بھی فیصلے کیے گئے۔ صنعتکاروں کو صنعتوں کے قیام کے حوالے سے فوری مراعات دینے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ تمام شیڈول بنکوں کو آزادکشمیرمیں قرضوں کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیاجائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ صنعتی ترقی کی رفتارکوتیز ترکرنے کے لیے آزادجموں وکشمیر انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس ہرتین مہینے بعد منعقد کیاجائے گا۔

٭٭٭٭

مزید : کامرس


loading...