ایم ایم عالم روڈ گلبرگ کے مختلف ریسٹورنٹس پر چھاپے،صفائی کا معیار چیک کیا گیا

ایم ایم عالم روڈ گلبرگ کے مختلف ریسٹورنٹس پر چھاپے،صفائی کا معیار چیک کیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر خوراک و چیئر مین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی پنجاب بلال یاسین نے گزشتہ روز ایم ایم عالم روڈ گلبرگ کے مختلف ریسٹورنٹس پر چھاپے مارے ، صفائی کا معیار چیک کیا اور گاہکوں کو پیش کئے جانے والے کھانوں کی کوالٹی چیک کی گئی - چیکنگ کے دوران زیوانگ ، مرچی اور کیفے کوسٹا ریسٹورنٹس میں ناقص صفائی اور خوراک کی غیر معیاری اشیاءپائی گئیں جس پر ان تینوں ریسٹورنٹس کو موقع پر سیل کر دیا گیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب کے علاوہ فوڈ اتھارٹی کے دیگر افسران بھی موجود تھے - صوبائی وزیر بلال یاسین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ زیوانگ ریسٹورنٹ کو صفائی کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری کھانوں کی اشیاءپر دو مرتبہ پہلے بھی 5 ہزار اور 8 ہزار روپے کے جرمانہ جات کئے جا چکے ہیں -اس کے باوجود بھی ریسٹورنٹ میں گاہکوں کو غیر معیاری اشیاءصرف کی جا رہی ہیں - صوبائی وزیر نے مرچی ریسٹورنٹ کا بھی دورہ کیا- جس کو پہلے بھی 30 ہزار روپے کے جرمانہ جات کئے گئے تھے مگر وہاں آج بھی صفائی کے ناقص انتظامات جوں کے توں پائے گئے - صوبائی وزیر نے محمود قصوری روڈ پر کیفے کوسٹا ریسٹورنٹ کا دورہ کیا وہاں پر بھی ورکرز کے واش روم میں گندگی کے ڈھیر اور کیچن میں ناقص صفائی کے علاوہ غیر معیاری کھانوں کی اشیاءپائی گئیں - صوبائی وزیر نے صحافیوں کو بتایا کہ پوش علاقوں میں مہنگے ریسٹورنٹس پر ناقص صفائی اور غیر معیاری کھانے اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام میں ان ریسٹورنٹس سے بیماریاں تقسیم کی جا رہی ہیں - انہوں نے کہا کہ ایسے ریسٹورنٹس جن کے سیٹنگ انتظامات اعلی ہوں مگر کھانے پینے کی اشیاءغیر معیاری ہوں تو یہ لوگوں کو دھوکہ دینے والی بات ہے - انہوں نے کہا کہ غیر معیاری کھانے بیچنے والے اعلی سیٹنگ کے ریسٹورنٹس کے مالکان کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو صفائی اور کھانے کی معیاری کوالٹی فراہم کر کے ان کے اعتماد کو بحال رکھیں ۔