الطاف حسین کا لندن سیکرٹریٹ میں ٹیلی فون ، صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل ، ایم کیو ایم کا آج یوم دعا منانے کا اعلان

الطاف حسین کا لندن سیکرٹریٹ میں ٹیلی فون ، صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل ، ایم ...
الطاف حسین کا لندن سیکرٹریٹ میں ٹیلی فون ، صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل ، ایم کیو ایم کا آج یوم دعا منانے کا اعلان

  



لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ہسپتال سے آج بھی پارٹی کے انٹر نیشنل سیکرٹریٹ میں ٹیلیفون کرکے کارکنان کواتحاد برقرار رکھنے کی تلقین کی ہے ۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کو بتایا کہ تھوڑی دیر میں مجھے انجیو گرافی کے لئے لے جایا جائے گا، کارکنان میری صحت یابی کے لئے دعا کریں، مشکل کی یہ گھڑی جلد ہی ختم ہو جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ آپ کا بھائی ایک بہادر اور نڈر انسان ہے ،آزمائش کی اس گھڑی میں بھی میرے حوصلے چٹان کی طرح بلند ہیں ۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد نے کارکنوں سے کہا کہ وہ ثابت قدم رہیں اور حق پرستانہ پیغام کی رسائی کے لئے اپنا کردار جاری رکھیں انشاءاللہ فتح حق پرستو ں کی ہوگی ۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان سے خیریت دریافت کی اور اپنی طبیعت کا احوال بھی بتایا جبکہ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے ایم کیو ایم کے قائد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ متحد ہیں ،آپ کسی بات سے پریشان نہ ہوں بس اپنی صحت کا خیال رکھیں ۔اس مو قع پر الطاف حسین نے وزیر اعظم نوازشریف، گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت اظہار یکجہتی کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ۔الطاف حسین کے ٹیلی فون کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیاکہ ایم کیو ایم آج جمعہ کے دن کو” یوم دعا “ کے طور پر منائی گی اور ملک بھر میں جہاں جہاں متحدہ کے کارکنان دھرنے دیئے ہوئے ہیں وہ قائدکی صحت یابی کے لئے دعائیں کریں گے۔ خالد مقبول صدیقی نے الطاف حسین کا پیغام بھی پڑھ کر سنا یا جس میں کارکنوں کو بار بار متحد رہنے کی تلقین کی گئی ہے ۔

مزید : بین الاقوامی /Headlines


loading...