عطائیوں ،جعلی ڈاکٹر وں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

عطائیوں ،جعلی ڈاکٹر وں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( جاوید اقبال)صوبائی دارلحکومت کو عطائی اور جعلی ڈاکٹر وں سے پا ک کرنے کے لئے ہیلتھ کئیر کمیشن اور ضلعی انتظامیہ میں اتفاق ہوگیا ہے دونوں اداروں نے جعلی ڈاکٹروں کے خلاف مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو شہر بھر میں تین لاکھ سے زائد عطائی ڈاکٹر وں کے خلاف آپریشن کریں گی ۔ٹیمیں ٹاؤنوں کی سطح پر بنائی گئی ہیں اس سطح لاہور میں پہلی دفعہ عطائیت کے بھر پور ایکشن کے لئے 10ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ڈی او مانیٹرنگ ،ای ڈی او ہیلتھ ،ہر ٹاؤن کا ڈرگ انسپکٹر ،9ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر آپریشن میں حصہ لیں گے ۔جبکہ ہیلتھ کیئر کمیشن کی طرف 9ایڈیشنل ڈائریکٹر ہر ٹیم کے ہمراہ ٹاؤن کی سطح پر چھاپے ماریں گے جس کا فیصلہ گزشتہ روز پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے اہم اجلاس جو کہ شا ہین کمپلیکس ایبٹ روڈ میں منعقد ہوا۔جس میں ڈی سی او لاہور ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، پنجاب ہیلتھ کئیر سے ڈاکٹر محمد اجمل خان، ای ڈی او ہیلتھ، سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ اور ڈی او (مانیٹرنگ اینڈانکوائریز) نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن نے مشترکہ طور پرعطائیت کے خلاف انسداد عطائیت مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ادارے ملکر عطائی ڈاکٹروں کے خلاف بھرپور ایکشن کریں گے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر کے 9ٹاؤنوں میں عطائیت آخری حدیں پار کررہی ہے اور اس وقت تین لاکھ کے قریب عطائی ڈاکٹر شہر میں کلینک کھول کر سادہ لوح لوگو ں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں ۔سب سے زیادہ عطائی راوی ٹاؤن کی حدود میں ہیں جن کی تعداد ایک لاکھ کے قریب ہے واہگہ ٹاؤن،شالاما ر ٹاؤں ،نشتر ٹاؤن ،اقبال ٹاؤن ،گلبر گ ٹاؤن ،سمن آباد ٹاؤ ن اور عزیز بھٹی ٹاؤن کی حدود میں بھی دو لاکھ سے زائد جعلی ڈاکٹر مسیحا بن کر لوگوں کو لوٹنے کے ساتھ ساتھ ان کی صحت کو بھی تباہ کررہے ہیں اسی طرح شہربھر میں پچا س ہزار سے زائد جعلی زچہ بچہ سنٹرکھولے ہوئے ہیں جو امراض نسواں میں مبتلا خواتین کے امراض کو مذید پچیدہ کررہے ہیں جہاں حمل گرانے کا غیر قانونی دھندہ بھی کھل عام ہورہا ہے ۔کشتے بیچنے والے نام نہا د ڈاکٹر اور حکیم بھی لوگوں کے گردے تباہ کررہے ہیں اس حوالے سے ڈی سی اولاہور احمد جاوید قاضی سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ آپریشن بھرپور انداز میں ہوگا اس میں کوئی سفارش یا دباؤ قبول نہیں کیا بجائے گا جعلی ڈاکٹر وں کلینک بھی سیل کریں گے اور مقدمات بھی درج کریں گے ہر ٹیم کو پولیس معاونت فراہم کرے گی جس کے لئے سی سی پی او لاہور کو خط لکھا جارہا ہے ۔