وزیر خزانہ بجٹ کو تاجر دوست کہہ رہے ہیں یہ تاجر روسٹ بجٹ ہے، خالد پرویز
لاہور ( وقائع نگار) صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ نئے بجٹ کو تاجر دوست کہہ رہے ہیں حالانکہ یہ تاجر روسٹ بجٹ ہے غربت ، مہنگائی اور بیروزگاری کے چنگل میں پھنسے عوام اور چھوٹے تاجروں کی بہتری کے لئے کچھ نہیں کیا گیا جبکہ قومی وسائل پر قابض بااثر اور طاقتور اشرافیہ اپنی من پسند مراعات حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے ۔ سالانہ ٹیکس چوری جو 2ہزار ارب روپے سے زیادہ ہے اسے ختم کرنے کا کوئی مضبوط منصوبہ اور ارادہ نظر نہیں آتا اور نہ ہی ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے کا اشارہ اس بجٹ میں ملتا ہے یہ روایتی اندا ز میں روایتی بجٹ ہے 9کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالنے کا نعرہ محض نمائشی ہے ۔حقیقت میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اس بجٹ میں چند طبقوں کے ناجائز مفادات کو تحفظ دیا گیا ہے اور پہلے سے ٹیکس دینے والوں کو مزید نچوڑنے کی تیاری ہے ۔ ہم پاکستان بھر کی تاجر تنظیموں سے رابطے اور مشاورت کر رہے ہیں اور جلد اس بجٹ کے حوالے سے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔