الطاف حسین کے معاملے پر حکومتی وفد برطانیہ بھیجا جائے ،رحمن ملک

الطاف حسین کے معاملے پر حکومتی وفد برطانیہ بھیجا جائے ،رحمن ملک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                              کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ الطاف حسین کے معاملے پر ایک اعلیٰ سطح کا حکومتی وفد برطانیہ بھیجا جائے ،جو برطانوی حکومت سے بات کرکے الطاف حسین کی صحت یابی کے معاملے پر انہیں آگاہ کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ بحیثیت پاکستانی شہری الطاف حسین کے ساتھ انصاف کے تقاضے پورے ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نمائش چورنگی پر ایم کیو ایم کے دھرنے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔رحمن ملک نے ایم کیو ایم کے رہنماو¿ں اور کارکنوں سے اظہار یکجہتی کیا اور الطاف حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین ایک باہمت اور عظیم انسان ہیں ۔انہوں نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی ہے ۔وہ شدید علیل ہیں ۔انہیں دل ،بلڈ پریشر ،شوگر اور دیگر امراض لاحق ہیں ۔ہم برطانوی حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ میڈیکل بنیادوں پر انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائیں اور انصاف کے تقاضوں کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اپنی ذات میں ایک ادارہ ہیں ۔الزامات تو سیاستدانوں پر لگتے رہتے ہیں ۔الطاف حسین پر بھی الزام لگا ہے لیکن وہ مجرم نہیں ہیں ۔ان سے تفتیش ہورہی ہے ۔اس سے پہلے ان کے خلاف جو پروپیگنڈا کیا جارہا ہے وہ نہیں ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ یورپ اور پاکستان کے ماحول میں بڑا فرق ہے۔ یہ واضح کردوں کہ اگر الطاف حسین کے ساتھ انصاف کے تقاضے پورے نہ ہوئے تو پھر الطاف حسین کے دیوانے کہیں مزید دیوانے نہ ہوجائیں ۔اس موقع پر فاروق ستار نے کہا کہ الطاف حسین کی صحت اور زندگی سے متعلق ہمارے جو خدشات ہیں وہ دور کیے جانے چاہئیں ۔الطاف حسین پر اس وقت ذہنی دباو¿ ہے ۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کی جائز ضروریات کو ان کے حقوق کے مطابق ان کو فراہم کیا جائے اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے ۔

مزید :

علاقائی -