پاک ، چین کمپنیوں میں مل کر کام کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
لاہور(سٹاف رپورٹر)چین کی تعمیراتی کمپنی چائنہ گیذ ہوبا گروپ کارپوریشن اور پاکستان ریلوے کی کمپنی ریل کاپ میں مل کر کام کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے ہیں جسکے تحت ریل کاپ پاکستان میں تعمیراتی منصوبوں کی نشاندہی ، اس سے متعلق تمام ضروری معلومات، انجینئر اور انسانی وسائل کی فراہمی میں بھی تعاون کرے گی۔ چائنیز کی یہ کمپنی 1.5بلین ڈالر مالیت کے نیلم جہلم ہائیڈرو منصوبے پر کام کر رہی ہے جبکہ اس نے لاہور تا کراچی موٹروے کے منصوبے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے چینی وفد کو خوش آمدید کرتے ہوئے مکمل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاک چین تعلقات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن و امان کیلئے انتہائی اہم ہیں۔۔ انہوں نے ۔ ایم ڈی ریل کاپ کو ہدایت کی کہ وہ چائنیز کمپنی کے ساتھ ہرممکنہ تعاون کریں اور مستقبل میں نہ صرف ریلوے بلکہ ہرقسم کے تعمیراتی منصوبوں میں ریل کاپ چائنیز کمپنی چائنہ گیذ ہوبا گروپ کارپوریشن کے ساتھ ملکر کام کرے۔ چائنیز وفد نے وفاقی وزیر ریلوے کو شیلڈ بھی پیش کی۔