پتنگ بازی پر پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے : چودھری شفیق احمد
لا ہو ر (کرا ئم سیل ) سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق احمد نے کہا ہے کہ پتنگ بازی پر عائد پابندی پر عمل درآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور جس علاقے میں پتنگ بازی کی شکایت ملی اس علاقے کے ایس ایچ او اور ایس پی او کے ساتھ ساتھ ڈویژنل ایس پی بھی ذمہ دار ہو گا ۔اُنہوں نے کہا کہ پولیس حراست میں ہلاکت اور تھانوں یا عدالتوں کے بخشی خانوں سے ملزموں کے فرار کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف سخت اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل تمام ڈویژنل ایس پیز اپنے ڈویژن کی حساس مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کے علاوہ اہم مذہبی شخصیات کی فہرستیں تیار کر کے ان کی فول پروف سیکورٹی کے حوالے سے سفارشات تیار کر کے ڈی آئی جی آپریشنز کو بھجوائیں تا کہ رمضان المبارک کے سیکورٹی پلان کی تیاری کے وقت انہیں مد نظر رکھا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ جس تھانے کی حدود میں جوئے اور منشیات کی شکایات موصول ہوئیں وہاں کے ایس ایچ او اور ایس ڈی پی او کے خلاف بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ ایسی شکایات ڈویژنل ایس پی کے لیے بھی لمحہ فکریہ ہونی چاہیے۔