جیو نیوز کا لائسنس 15روز کیلئے معطل ، ایک کروڑ روپے جرمانہ

جیو نیوز کا لائسنس 15روز کیلئے معطل ، ایک کروڑ روپے جرمانہ
جیو نیوز کا لائسنس 15روز کیلئے معطل ، ایک کروڑ روپے جرمانہ

  



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو نیوز کا لائسنس 15روز کے لیے معطل کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیاہے تاہم پرائیویٹ ممبران نے فیصلے پر عدم اطمینان کااظہار کرتے ہوئے عدالت میں چیلنج کرنے کاعندیہ دیدیا ۔سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ کارروائی وزارت دفاع کی طرف سے موصول ہونے والی شکایت پر کی گئی ہے اور جرمانے کی ادائیگی و15روز بعد جیو کا لائسنس بحال ہوجائے گا۔قائم مقام چیئرمین پیمرا پرویز راٹھور کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس میں جیو نیوز کو قصور وار قراردیاگیاہے اور جیو انتظامیہ کو حکم دیاگیاکہ لائسنس معطلی کے علاوہ ایک کروڑ  روپے جرمانہ اداکریں۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سرکاری ممبران کاتھا اور اِس سے پرائیویٹ ممبران مطمئن نہیں ،وہ پرویز راٹھور کی بطور قائم مقام چیئرمین پیمرا تقرری اور جیو کے خلاف سرکاری ممبران کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرسکتے ہیں ۔پرائیویٹ رکن اسرار عباسی کاکہناتھاکہ پیمرا قوانین میں قائم مقام چیئرمین کی گنجائش نہیں ، فیصلے کی قانونی حیثیت کو چیلنج کریں گے ۔میاں شمس الرحمان کاکہناتھاکہ رات کو دس بجے ایک  ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی گئی، قائم مقام چیئرمین کو فیصلے کااختیار نہیں ، اگر پرویز راٹھور فارغ ہوئے تو فیصلہ بھی ختم ہوجائے گا۔اُنہوں نے بتایاکہ قائم مقام چیئرمین کی تقرری کا معاملہ دراصل عدالتی احکامات کے ساتھ مذاق ہے ، واضح حکم موجود ہے کہ کوئی بھی شخص قائم مقام چیئرمین نہیں ہوسکتا، دوسری بات یہ کہ پیمرا قوانین کے مطابق دس لاکھ سے زیادہ جرمانہ ہونہیں سکتا، یہ صرف ایک ڈرامہ تھا۔  فریحہ افتخار کاکہناتھاکہ اجلاس کا نوٹس کم از کم ایک ہفتہ قبل دینا ضروری ہوتاہے جو نہیں دیا گیا۔خیال کیاجارہاہے کہ اقدام سے کہیں کم جرمانے میں معاملے کو نمٹادیا گیاہے ۔

یادرہے کہ حامد میر پر حملے کے بعد جیونیوز نے متنازع نشریات پیش کی گئی تھیں جس پر مسلح افواج کی طرف سے وزارت دفاع نے پیمرا کوشکایت کی تھی ۔

مزید : ڈیلی بائیٹس /Headlines


loading...