عامل کا رونالڈو پر کالا جادو کرنے کا دعویٰ
پیرس (نیوز ڈیسک) فٹ بال ورلڈ کپ شروع ہوا چاہتا ہے اور اس نازک موقع پر پرتگال کی خطرناک ٹیم کے کپتان رونالڈو زخمی ہونے کی وجہ سے باہر ہو چکے ہیں اور اب گھانا سے تعلق رکھنے والے ایک عامل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے رونالڈو کو اپنے کالے جادو کے عملیات کر کے ان فٹ کر دیا ہے۔ رونالڈو کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس کی بائیں گھٹنے کے ٹینڈن میں زخم ہے اور اس کی ران میں بھی کھنچاﺅ ہے لیکن گھانا کے ماہر عملیات نانا کواکو کا کہنا ہے کہ وہ ایک عرصے سے رونالڈو پر عملیات کر رہا تھا تاکہ اسے ٹورنامنٹ سے یا کم از کم گھانا کے خلاف کھیلنے سے باز رکھا جا سکے۔ واضح رہے کہ پرتگال اور گھانا ایک ہی گروپ میں ہیں اور رونالڈو کی موجودگی میں گھانا کی جیت ممکن نظر نہیں آتی۔ گھانا کے اس عامل نے رونالڈو کے زخمی ہونے سے پہلے پہلے فروری میں ہی یہ پشین گوئی کر دی بھی کہ رونالڈو نہیں کھیلے گا۔ ایک ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے عامل نے کہا وہ اپنے عملیات کیلئے چار کتوں کی تلاش میں تھا جو کہ اب مل چکے ہیں اور یہ کہ ان کتوں کو استعمال کرتے ہوئے وہ ’کاہوری‘ نامی بدروح تیار کر رہا ہے جسے وہ رونالڈو کے پیچھے لگا دے گا تاکہ اس کا زخم ٹھیک نہ ہو سکے۔ عامل کا دعویٰ ہے کہ دنیا کا کوئی ڈاکٹر رونالڈو کو ٹھیک نہیں کر سکتا کیونکہ صرف اسے معلوم ہے کہ رونالڈو کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔