ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ،بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کی بحالی چاہتے ہیں:سرتاج عزیز

ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ،بھارت ...
ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ،بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کی بحالی چاہتے ہیں:سرتاج عزیز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہیں، بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کی بحالی چاہتے ہیں، کشمیر سمیت تمام معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے کرنے کے خواہاں ہیں۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسی پالیسی کے تحت وزیراعظم محمد نواز شریف نے وسطی ایشیاء کے تمام ملکوں کا دورہ کیا جبکہ ان ملکوں کے سربراہان بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ان تمام ممالک میں سے چین کے ساتھ ہمارے بہت اہم اور قریبی تعلقات ہیں۔ علاقائی روابط کے حوالے سے سی پیک سمیت متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں جبکہ کاسا کا 1000 میگا واٹ کا منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے۔ ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت کا تائپی منصوبہ بھی شامل ہے اور اس کے علاوہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے استحکام کیلئے کوشاں ہے اور علاقائی روابط پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، ہمیں خطے کے دوسرے ممالک کے آپس میں روابط کے حوالے سے کوئی اعتراض نہیں بلکہ اس سے خطے میں تجارتی و کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جوکہ خوش آئند ہے، ہم خطے میں اس مقابلے کو ایک صحت مندانہ علامت سمجھتے ہیں جو خطے کیلئے مفید ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے اور کشمیر سمیت تمام معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کے حل کیلئے بات چیت ہی بہترین ذریعہ ہے اور پاکستان کی خطے میں امن کی پالیسی کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے، پاکستان کشمیر کے مسئلے کو ہر اہم عالمی فورم پر اچھے طریقے سے اٹھا رہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیر کے لوگوں کی امنگوں کے مطابق حل ہو۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -