خیبر پختونخواہ سے تحریک انصاف کے 5اراکین قومی اسمبلی نے پرویز خٹک کے خلاف بغاوت کا اعلان کردیا

خیبر پختونخواہ سے تحریک انصاف کے 5اراکین قومی اسمبلی نے پرویز خٹک کے خلاف ...
خیبر پختونخواہ سے تحریک انصاف کے 5اراکین قومی اسمبلی نے پرویز خٹک کے خلاف بغاوت کا اعلان کردیا

  

ڈیرہ اسماعیل خان (مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے خیبر پختونخواہ سے 5ممبران قومی اسمبلی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کے خلاف بغاوت کردی ۔پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک سیاسی خانہ بدوش ہیں ،کل نہ جانے کس پارٹی میںہوں،وزیر اعلیٰ کے پی کے نے زیادہ تر فنڈز اپنے ضلع میں لگادئیے ۔مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی ،جنید اکبر ،داور کنڈی ،امیر اللہ مروت ،ساجد نواز اور خیال زمان آفریدی نے کہا کہ پرویز خٹک کی وجہ سے صوبہ تباہی کی طرف جا رہا ہے ،ان کے استعفے تک تحریک چلائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت سے کوئی اختلاف نہیں ہے ،زندگی کی سب سے بڑی خواہش عمران خان کو وزیر اعظم بنتے ہوئے دیکھنا ہے لیکن وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ عمران خان کو سوچی سمجھی سازش کے تحت ناکام کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں ۔انہوں نے الزا م عائد کیا کہ بلدیاتی انتخابات کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے مگر نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کی راہ میں کرپٹ ٹولہ رکاوٹ ہے۔منتخب نمائندوں نے الزام عائد کیا کہ پورے صوبے کے فنڈز صرف تین اضلاع پر خرچ کئے جا رہے ہیں جن میں نوشہرہ، مردان اور صوابی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی نظام کو بدلنے سے آئے گی جبکہ پرویز خٹک روایتی سیاستدان ثابت ہوئے ہیں، تین سال گزر چکے ہیں مگر صوبے کی حالت نہیں بدلی جس پر مجبور ہو کر ہمیں میدان میں آنا پڑا۔

مزید : ڈیرہ اسماعیل خان /اہم خبریں