نئی ڈرامہ سیریل ’’ذرا یاد کر ‘‘کامیابی کے ساتھ نجی چینل سے آن ائیر
لاہور(فلم رپورٹر)یمنیٰ زیدی کی نئی ڈرامہ سیریل ’’ذرا یاد کر ‘‘کامیابی کے ساتھ نجی چینل سے آن ائیر ہے اس میگا پراجیکٹ کی کہانی ماہ نور ‘ ہادی‘ وقار اور عظمیٰ کے گرد گھومتی ہے۔ ماہ نوراور ہادی نکاح کے بندھن میں بندھ چکے ہیں ۔ہادی ماہ نور سے بے انتہا محبت کرتا ہے مگر جائز باتوں میں روک ٹوک بھی کرتا ہے لیکن وہ بھی نہایت محبت کے ساتھ ‘ ماہ نور کوہادی کی محبت اور اس کی حدود گھٹن لگتی ہے ۔عظمٰی ہادی کے مالک مکان کی بیٹی ہے اور ہادی سے محبت کرتی ہے مگر ہادی نے کبھی اس کی حوصلہ افزائی نہیں کی ۔ اسی دوران وقار نامی ایک سحر انگیز شخصیت کا مالک وقار ماہ نور کے پڑوس میں آتا ہے اور ماہ نور سے راہ ورسم بڑھا لیتا ہے ۔ ماہ نور کو احساس ہوتا ہے کہ وقار ایک کھلے ذہن کا آدمی ہے اور وہ وقار کی شخصیت کی اصلیت سے بے خبرہو کر ہادی سے خلع لینے کے در پے ہوجاتی ہے۔
’’ذرا یاد کر ‘‘کی کہانی اس بات کا احاطہ کرتی ہے کہ کس طرح ایک غلط فیصلے سے پورے خاندان کی زندگی متاثر ہوتی ہے اور جذبات میں کئے گئے فیصلوں سے ملنے والے زخم پوری زندگی گزر جانے کے بعد بھی نہیں بھرتے۔خلیل الرحمان قمرکی تحریر کردہ ڈرامہ سیریل کوآمنہ نواز خان نے ڈائریکٹ کیا ہیاے این کے پروڈکشنزکی پیشکش کی پراجیکٹ ہیڈموُ منہ دُ رید اور نمایاں اداکاروں میں ثناء جاوید‘ یمنی زیدی‘ صبا فیصل‘ زاہد احمد‘ یاسر مظہر‘ راشد فاروقی اور دیگرشامل ہیں۔20اقساط پر مبنی ڈرامہ سیریل کا دورانیہ 45منٹ ہے۔ اسڈرامہ سیریل کے میڈیا کو آرڈینیٹر منہاس صغیر ہیں۔