دورہ انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا سکلز کیمپ ختم ، کھلاڑی گھروں کو روانہ

دورہ انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا سکلز کیمپ ختم ، کھلاڑی گھروں کو روانہ

لاہور(سپورٹ رپورٹر) قومی کر کٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کیلئے ہتھیار تیز کر نے کا سکلز کیمپ ختم ،کر کٹرز گھروں کو روانہ ہوگئے، 7روزہ سکلز کیمپ میں کر کٹرز نے تیز پچز پر ٹریننگ کی ، کیمپ میں کر کٹرز کو ڈسپلن پر لیکچرز اور کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی کیلئے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کی گئی تھیں، قومی ٹیم 18 جون کو انگلینڈ روانہ ہوگی،جہاں ہیمپشائر کاؤنٹی میں کھلاڑی ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی زیر نگرانی 15 دن بھرپور ٹریننگ کر ے گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں فٹنس کیمپ کے بعد دورۂ انگلینڈ کیلئے شارٹ لسٹ کیے جانیوالے 21 کھلاڑ یوں کیلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لگائے گیا سکلز کیمپ ختم ہو گیا۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کو دورۂ انگلینڈ میں سیمنگ پچز پر جنگ جیتنے کیلئے ماسٹر پلان تیار کیا گیا تھا ، انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلئے پچز کو قدرے نرم رکھ کر ان پر گھاس چھوڑ دی گئی تھی ،ڈیوک جیسی ابھری سلائیوں والی گیندوں سے کھلاڑیوں نے ٹریننگ کی ، ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے روزانہ 3سیشن ہوئے ،جن میں ڈسپلن پر لیکچرز اور کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی کیلئے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کی گئی تھیں، ہیڈ کوچ مکی ارتھر کی عدم موجودگی میں این سی اے ہیڈکوچ مشتاق احمد ٹریننگ کی نگرانی کر تے رہے ۔ کیمپ کے اختتام پر کر کٹرز گھروں کو روانہ ہوگئے۔ قومی ٹیم 18 جون کو انگلینڈ روانہ ہوگی،جہاں ہیمپشائر کاؤنٹی میں کھلاڑی ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی زیر نگرانی 15 دن بھرپور ٹریننگ کر ے گی، دو ہفتے پہلے ٹیم بھیجنے کا مقصد انگلش کنڈیشنز سے اڈجسٹ ہونا ہے۔پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف چودہ جولائی سے چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی جس کے بعد پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی ہوگا۔ کرکٹرز18 جون کو انگلینڈ کیلئے اڑان بھریں گے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی