دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان ، عامر کی شمولیت ویزہ سے مشروط ، انجری کا شکار جنید خان جگہ نہ بنا سکے

دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان ، عامر کی شمولیت ویزہ سے مشروط ، انجری ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کے لئے 17رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا ۔مصباح الحق کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے،محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت انگلینڈ کے ویزے سے مشروط ہوگی۔ٹیم میں سمیع اسلم ،افتخار احمد ،محمد رضوان ،سہیل خان اور محمد عامر جگہ بنانے میں کامیاب جبکہ احمد شہزاد ،بلال آصف ،فواد عالم ،جنید خان اور شعیب ملک کو ڈراپ کیا گیا ہے ۔ چیف سلیکٹر انضما م الحق نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس میں قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم میں تین اوپنرز محمد حفیظ ،شان مسعود ،سمیع اسلم پانچ مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی ،یونس خان ،مصباح الحق ( کپتان ) اسد شفیق ،افتخار احمد ،پانچ فاسٹ بولر محمد عامر ( ویزہ سے مشروط ) راحت علی ،عمران خان سینئر ،سہیل خان ،وہاب ریاض دو اسپنرز یاسر شاہ ،محمد ذوالفقار بابر اور دووکٹ کیپرزسرفراز احمد اور محمد رضوان شامل ہیں ۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ ٹیم کی سلیکشن میرٹ پر کی گئی ہے اور امید ہے کہ ٹیم دورہ انگلینڈ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی ۔ پاکستان ٹیم کی طاقت اس کا جارحانہ انداز اور مثبت کرکٹ ہے ۔محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت انگلینڈ کے ویزے سے مشروط ہوگی اور انہیں ویزہ نہ ملنے کی صورت میں متبادل بولر کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا،ہم محمد عامر کے ویزہ کا انتظار کررہے ہیں ۔محمد حفیظ ،ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کی فٹنس کی کلیئرنس ملنے کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انضمام الحق نے بتایا کہ جنید خان اچھے بولرہیں لیکن انجری کے بعد وہ ردھم میں نہیں ہیں ۔ان کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور اس کی فٹنس کیمپ ا ور فرسٹ کلاس کرکٹ میں اچھی پرفارمنس رہی ہے اور امید ہے کہ وہ دورہ انگلینڈ کے دوران اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گا۔جنید خان جب بھی ردھم میں آئے گا تو اسے بھی موقع دیا جائے گا ۔ٹیم میں دو وکٹ کیپرز سرفراز احمد اور محمد رضوان شامل کیئے گئے ہیں تاکہ انگلینڈ سیریز کے دوران کسی ایک وکٹ کیپر پر زیادہ بوجھ نہ پڑے ۔عدنان اکمل بوٹ کیمپ میں شامل نہیں تھا اور اگر وہ پرفارمنس دکھائے گا اور ٹیم کو اس کی ضرورت ہوگی تو اسے بھی موقع دیا جائے گا ۔انضمام الحق نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سمیت دیگر سٹیک ہولڈر کے مشورے کے بعد ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے ۔مکی آرتھر ٹیم کی سلیکشن سے مطمئن ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ٹیم میں 17کھلاڑی میری درخواست پر شامل کیئے گئے ہیں کیونکہ ہماری کوشش ہے کہ ون ڈے کے بھی ایک دو کھلاڑی ٹیم کے ساتھ پہلے جاکر انگلینڈ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوجائیں ۔کیمپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے لئے زیر غور لاسکتے ہیں ۔پاکستان ٹیم دورہ انگلینڈ کے دوران چار ٹیسٹ میچز کھیلے گی ۔