بحریہ ٹاؤن نے فٹبال میچ میں لاہورقلندرکوشکست دے کرفیسٹیول جیت لیا
لاہور( سپورٹس رپورٹر) ’’کھیلو امن کیلئے ‘‘ سلوگن کے تحت جیت پاکستان سپورٹس فیسٹیول 2016 کے سلسلے میں کھیلا گیا فٹ بال ایونٹ کافائنل بحریہ ٹاون فٹ بال اکیڈمی نے جیت لیا۔ فاتح ٹیم نے لاہور قلندرفٹ بال کلب کو دوکے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فاتح ٹیم کے انصر ٹونامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے ۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر پی جی ایل علی عاصم خان برکی اور گجر اسٹیٹ کے سی ای او چوہدری عثمان علی گجر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ پاکستان کمپنی سپورٹس فیڈریشن اور جیت پاکستان ڈاٹ کام کے زیراہتمام ’’کھیلو امن کیلئے ‘‘ جیت پاکستان سپورٹس فیسٹیول 2016 کے سلسلے کا فٹ بال ایونٹ بحریہ ٹاؤن فٹ بال گراونڈ میں کھیلا گیا جس کے فائنل میں بحریہ ٹاون فٹ بال اکیڈمی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل ٹرافی اپنے نام کی ۔ بحریہ ٹاون فٹ بال کلب اکیڈمی کے کپتان حارث اشتیاق کے پرفیکٹ پاسسز کی بدولت بحریہ ٹاون فٹ بال اکیڈمی پہلے ہاف میں چھائی رہی اور حمزہ خان ، اویس سالک اورارسلان گجر اپنی ٹیم کے لیئے ایک ایک گول کرنے میں کامیاب رہے ۔لاہور قلندر کی ٹیم کے کپتان محمد فرحان ان فٹ ہونے کے باعث فائنل میچ میں شرکت نہ کرسکے جس کا نقصان لاہور قلند ر کی ٹیم کو اٹھانا پڑا تاہم فائنل میچ کے کپتان محمد علی کی عمدہ حکمت عملی کی بدولت لاہور قلندر کے ثاقب عطا اور عثمان نے دوسرے ہاف میں ایک گول ایک گول سکور کرکے بحریہ ٹاون فٹ بال اکیڈمی کی برتری کو کم کردیا تاہم جیت بحریہ ٹاون فٹ بال اکیڈمی کا مقدر بنی ۔ فائنل میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیئے منیجنگ ڈائریکٹر پی جی ایل علی عاصم خان برکی ، ملک جمیل حیدر ،گجر اسٹیٹ کے سی ای او چوہدری عثمان علی گجر ، چوہدری محمد حسین گجر، دلاورگجراور تنویر گجر موجود تھے جنھوں نے ایونٹ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیئے ۔