ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی کا رمضان بازاروں کا خصوصی دورہ ،آگاہی کیمپوں کا جائز ہ لیا
لاہور(خبرنگار)منیجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی ) بلال مصطفی سید نے صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے شہر میں قائم متعددرمضان بازاروں کا خصوصی دورہ کیا۔ انہوں نے تفصیلی دورے کے دوران جوہر ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، وحدت روڈ، گلشن راوی اور شادمان سمیت دیگر رمضان بازاروں میں کئے گئے انتظامات اور کمیونی کیشن کے زیراہتمام قائم آگاہی کیمپوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے رمضان بازاروں میں ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں، دکانداروں، خریداروں اور سوشل موبلائزرز سے بات چیت کی اور صفائی کے حوالے ان کی رائے جانی۔انہوں نے فیلڈ ورکرز اور افسران سے ملاقات کی اور انتظامات پر اطمینان کا ااظہار کرتے ہوئے سوشل موبلائزرز اور سینٹری ورکرز کی لگن اور محنت کو سراہا۔ اس موقع پر جنرل منیجر آپریشنز آصف اقبال، سربراہ کمیونیکیشن جمیل خاور، ڈپٹی منیجرز محمد عمیر خان، شعیب ڈار، اسسٹنٹ منیجر رحمان راشد اور متعلقہ زونل افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔