سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں10فیصد اضافہ ناکافی ہے، میاں ایوب
لاہور( نمائندہ خصوصی) سابق مشیر وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میاں محمد ایوب نے کہاہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں صرف10فیصد اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جانا چاہئے تھا وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی بجٹ تقریرنے ثابت کردیا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں حکومت نے ملک سے غربت کی بجائے غریب مکاؤپالیسی کواختیارکررکھا ہے چینی سبزیوں سمیت سینکڑوں اشیاء پر ٹیکس بڑھانے سے ملک میں مہنگائی کاسونامی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بلوں میں سیلزٹیکس کا اضافہ تشویش ناک ہے بجٹ عوام دشمن ہے حکمران غریبوں کاخون نچوڑرہے ہیں ٹیکس میں صرف ایک فیصد کمی ناکافی ہے ماہ رمضان سے پہلے وفاقی بجٹ ناجائز منافع خوروں اور گراں فروشوں کو مزید تقویت دے گا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں ملکی معاشی ترقی کے راستے میں قرضوں کے پہاڑ کھڑے ہیں اس وقت ہر پاکستانی ایک لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں بدلتی رہیں مگر عوام کی حالت زار کبھی نہیں بدلی حالیہ بجٹ بھی آئی ایم ایف کاتیارکردہ ہے جس میں عالمی اداروں کی ترجیحات کوپیش نظر رکھاگیاہے حکمرانوں کی ترجیحات میں عوامی مسائل شامل نہیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اعتراف کرچکے ہیں کہ ملک میں غربت کی شرح 29فیصد ہے ایک طرف غریب عوام فاقوں کی بدولت خودکشیوں پر مجبور ہیں تودوسری طرف حکومتی وزراء فی کس آمدن1560ڈالر تک پہنچنے کے دعوے کررہے ہیں ۔