عوام نے اپوزیشن کی تنقید کو یکسرمستردکردیاہے،علی اکبر گجر

عوام نے اپوزیشن کی تنقید کو یکسرمستردکردیاہے،علی اکبر گجر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مثالی بجٹ پر اپوزیشن رہنماؤں کی تنقیدکی کوئی حقیقت نہیں۔ عوام نے اپوزیشن کی تنقید کو یکسرمستردکردیاہے،پورے ملک میں حالیہ غریب پروربجٹ پرعوام خوشیاں منا رہے ہیں اور اپوزیشن جماعتیں عوام کو گمراہ کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔ملک کے عوام اتنابہترین بجٹ پیش کرنے پرحکومت اور وزیراعظم میاں نوازشریف کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اپنی علالت میں بھی عوام کی بھلائی ترک نہیں کی اورخدمت میں عظمت کی روایت قائم رکھی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کی نظریں کمزور ہوگئی ہیں اور انہیں حکومت کے ہرکام میں خوبی بھی خرابی نظرآتی ہے۔ یہ رویہ کسی طرح بھی جمہوری نہیں کہلایاجا سکتا۔وہ اتوار کے روز مسلم لیگ(ن) ہاؤس گلشن جمال میں کارکنوں اور رہنماؤں کے’ ’پوسٹ بجٹ اجلاس ‘‘ سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں بجٹ کے حوالے سے عوامی ردعمل کاجائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن)ضلع کورنگی کے صدرعلی عاشق گجر،فصیح الرحمٰن،محمدفاضل عباسی، چوہدری محمدسلیم،فیاض لاشاری،سردار گل خطاب،احسن ورک،رانامحمدجمیل ،سلطان بہادر،غلام مصطفی ایڈووکیٹ،حاجی صالحین تنولی، صاحبزادہ اظہرہمدانی ، محمداقبال خاکسار، قاضی زاہدحسین، سردارمحمدنذیر، راناعارف، حاجی محمداقبال، میاں الیاس رشید، راناعنصر، ظہیرعباسی، سردار گل خطاب، چوہدری اسدحسین بھی موجودتھے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے چیمپیئن آج ملک میں ایک ایسے نظام کے قیام کے لئے سرگرم ہیں جو جمہوریت کے یکسر منافی سسٹم ہے۔عوام نے مسلم لیگ(ن) کو اپنامستقبل بنا لیا ہے اس لئے وہ ایسا کوئی نظام نہیں آنے دیں گے جو ان کے مفادات کے خلاف ہو۔علی اکبر گجر نے مزید کہا کہ حکومت کی نظریں عوام کے مستقل اور عوام کی بھلائی پرلگی ہیں لیکن پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف گڑے مردے اکھاڑنے اور جمہوریت کی چلتی گاڑی کو بزوراحتجاج روکنے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہیں۔مسلم لیگی حکومت نے جس فراخدلی کے ساتھ اس بجٹ میں عوام کو سہولتیں دی ہیں اس پر حکومت کا جتنا شکریہ اداکیا جائے وہ کم ہے۔