ماضی سے مستحکم پاکستان سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین ہے ، خرم دستگیر
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ماضی سے مستحکم پاکستان سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین ہے، امن اور معاشی استحکام کی بدولت پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں، ترقیاتی کاموں نے رفتار پکڑی ہے اور ملک معاشی استحکام سے معاشی ترقی کی طرف گامزن ہے، ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے نیویار ک میں چوتھی پاک امریکہ کاروباری مواقعوں سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر کی سربراہی میں دو سو سے زائد کاروباری نمائندوں کا وفد کانفرنس میں شرکت کیلئے امریکہ میں موجود ہے۔کانفرنس میں دونوں ممالک کے مابین تعاون خصوصاً ٹیکسٹائل (فیشن اپیرل )،زراعت ، ہیلتھ کیئر اور انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کیلئے نشاندہی کی گئی۔اس سے قبل پاک امریکہ کی تین سرمایہ کاری کانفرنسیں لندن، دوبئی اور اسلام آباد میں منعقد ہو چکی ہیں۔گزشتہ برس اسلام آباد میں منعقد ہونے والی پاک امریکہ کانفرنس میں امریکی سیکرٹری تجارت پینی پرٹزکر نے شرکت کی اور پاک امریکہ ہفتہ معاشی شراکت داری میں امریکی وفد کی قیادت کی ۔نیویار ک میں منعقد ہونے والی چوتھی کانفرنس میں امریکی وفد کی قیادت امریکی محکمہ تجارت کے ڈپٹی سیکرٹری بروس اینڈریوز نے کی۔کانفرنس میں امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے چیرمین فریڈ ہوچبرگ، پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن اور یو ایس ایڈ کی طرف سے لیری سامپلر نے بھی شرکت کی۔ڈپٹی سیکڑٹری بروس اینڈریوز نے اپنے خطاب میں امید ظاہر کی کہ اس کانفرنس کے ذریعے پاک امریکہ تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے نئی شراکت داریاں قائم ہوں گی،کانفرنس کے ذریعے امریکی کاروباری کمیونٹی کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان عالمی کاروباری برادری کے ساتھ شراکت داری کیلئے تیار ہے۔کانفرنس کے موقع پر پاکستان اور امریکہ کے مابین خواتین کی معاشی خودمختاری کیلئے ایک ایکشن پلان پر بھی دستخط کئے گئے،ایکشن پلان کے تحت خواتین کے براہ راست کاروباری روابط استوار کرنے کیلئے مدد فراہم کی جائے گی۔