بھارتی قونصلر کو کل بھوشن تک رسائی نہ دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے،میاں مقصود
لاہور(نمائندہ خصوصی )امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ بھارتی قونصلر کو انڈین جاسوس کل بھوشن یادیوتک فوری رسائی نہ دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔قوم کا مطالبہ ہے کہ کل بھوشن یادیو کے انکشافات پر مبنی دستاویزی ثبوت مرتب کرکے اقوام متحدہ،دوست ممالک اور دیگر عالمی دنیا تک پہنچائے جائیں اور بھارت کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں میں بھرپورانداز میں شریک ہے اور اس حوالے سے اسے موساد اور سی آئی اے کی بھی مدد حاصل ہے۔بلوچستان،کراچی اورفاٹاتک دہشت گردی کے نیٹ ورک کو پروان چڑھانے کے منصوبے اور وطن عزیزکے اندرفسادات برپاکرناان کابنیادی ایجنڈاہے۔میاں مقصود احمد نے کہاکہ بھارت ایک مکار دشمن ہے جس نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کاکوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا ہے۔کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی افواج مظالم کے پہاڑ ڈھارہی ہے۔لاکھوں کشمیری افراد کو شہید،ہزاروں خواتین کوبیوہ اوران گنت بچوں کویتیم کردیا گیا مگر اقوام متحدہ سمیت دنیا کے مہذب اور انسانیت کے علمبردار ممالک بھارتی ریاستی دہشتگردی پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔اب تک بیس ہزار سے زائد کشمیری نوجوان بھارتی فوج کے مختلف عقوبت خانوں میں پڑے ہیں۔انڈیامقبوضہ کشمیر میں ہندوپنڈتوں کے لئے کالونیاں آباد کررہا ہے تاکہ مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کردیا جائے۔اس کی یہ چال کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس سے دستبردار ہونے کاسوچابھی نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ کل بھوشن یادیوپاکستان میں دہشت گردوں کوسپورٹ کررہا تھا لہٰذااس سے کسی قسم کی رعایت نہیں ہونی چاہئے۔انہوں نے مزیدکہاکہ مودی حکومت بارہاپاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تشویش کا اظہار کرچکی ہے۔دشمنوں کوپاکستان میں چین کی اتنی بڑی سرمایہ کاری برداشت نہیں ہورہی۔عالمی دشمن قوتیں پاکستان کی ترقی کے خلاف سرگرم ہوچکی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی سازشوں کااتحادویکجہتی سے مقابلہ کیاجائے۔