المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے زیر انتظام سکولز کے طلبا کے لئے سمر کیمپ کا اہتمام

المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے زیر انتظام سکولز کے طلبا کے لئے سمر کیمپ کا اہتمام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نمائندہ خصوصی) المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے زیر انتظام سکولز کے طلبا کے لئے سمر کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں بچوں کو تفریحی وصحت مندانہ سرگرمیاں کروائی گئیں۔چوبرجی میں ہونے والے اس سمر کیمپ میں200سے زائد بچے شریک ہوئے اور یہ کیمپ پانچ دن تک جاری رہا۔ اس دوران بچوں نے ابتدائی طبی امداد دینے کا طریقہ،روزمرہ کے معمولات میں اسلامی تعلیمات اور دیگر مفیدسائنسی تجربات سیکھے۔المحمدیہ روضہ سوسائٹی پاکستان کے مسؤل جنید الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچے کا ذہن ایک صاف تختی کی مانند ہوتا ہے اور اس پر جو تحریر لکھ دی جائے وہ ہمیشہ نقش رہتی ہے۔بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی تربیت کا دھیان رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ الحمدیہ روضہ سوسائٹی ملک بھر میں بچوں کو ان سمر کیمپس کے ذریعے بہت سی مفید سرگرمیاں کروارہی ہے ۔

جن سے بچوں کو نہ صرف ان کی تعلیم میں بلکہ روزمرہ کی زندگی میں بھی بہت سے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری تاریخ ایسے نوجوانوں سے بھری پڑی ہے جو ابھی نو عمر تھے لیکن انہوں نے کارہائے نمایاں سر انجام دیے تھے ۔ آج بھی اگر بچوں کو اسی نہج پر تربیت دی جائے تو یہی نسل نو ملک و ملت کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہو سکتی ہے۔سمر کیمپ میں شریک ننھے بچوں کو ملک پاکستان کی خدمت پر ابھارتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج اگر ہم عہد کرلیں کہ ہم اس ملک کی خدمت کریں گے اور وطن عزیز کے کارآمد شہری بنیں گے تو ہمارے ملک سے بہت سی برائیاں ختم ہوجائیں گی۔گرمیوں کی چھٹیاں ہیں اور ان چھٹیوں کو کارآمد بنا کر ہم بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ المحمدیہ روضہ سوسائٹی لاہور کے مسؤل عمار حنیف نے سمر کیمپ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کیمپ میں مختلف سکولوں کے 250کے قریب طلبا شریک ہیں۔سمر کیمپ میں شریک ان طلبا کو مختلف سائنسی تجربات بھی کروائے گئے ہیں جس کے باعث طلبا کے لئے سائنس کو سمجھنا آسان ہوگیاہے۔ میڈیا کی اہمیت کے پیش نظر اس سمر کیمپ میں ایک دلچسپ سرگرمی اخبار نویسی کی مشق تھی جس میں بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔اس کے علاوہ تقریری مقابلہ اور کوئز مقابلہ بھی اس سمر کیمپ کا حصہ تھا جن میں پوزیشن حاصل کرنے والوں بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس سب کے علاوہ مختلف گیمز بھی وقتا فوقتا کھیلی جاتی رہیں جس کے باعث طلبا کی بھرپور دلچسپی اس سمر کیمپ میں قائم رہی۔المحمدیہ روضہ سوسائٹی لاہور کے اہم ذمہ دار حمزہ اور عبداللہ یوسف کے علاوہ سمر کیمپ کے دیگر منتظمین کا کہنا تھا کہ والدین نے اس سمر کیمپ کو بہت پسند کیا ہے اور ان کے مطالبے پر جلد ہی لاہور میں مزید سمر کیمپس کا اہتمام بھی کی جائے گا ۔ان سمر کیمپس کے لئے تاریخ اور جگہ کااعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ وقت گزارنا ایک اچھا مشغلہ ہے اور اگر اس کا مقصد ان کی تربیت ہو تواس کی فائدہ اور بھی بڑھ جاتا ہے۔ سمر کیمپ کے آخر میں گرمی کے موسم کی مناسبت سے تیراکی کا سیشن رکھا گیا جسے بہت پسند کیا گیا۔