ملک بھر میں گرمی کی لہر جاری ، سورج کی تپش اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکال دیں

ملک بھر میں گرمی کی لہر جاری ، سورج کی تپش اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکال ...

لاہور / کراچی ( اے این این ) ملک کے میدانی علاقے ایک بار پھر شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئے ،سورج گزشتہ روز بھی آگ برساتا رہا ، سورج کی تپش اور گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ،مختلف علاقوں میں پانی کی قلت رہی، گرمی کے ستائے لوگوں نے نہروں کا رخ کرلیا ،سب سے زیادہ درجہ حرارت نورپور تھل اور بہاولنگر میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،محکمہ موسمیات نے آج بھی موسم خشک اور گرم رہنے کی پیش گوئی کردی ،لاہور میں شہریوں نے نہروں کا رخ کر لیا جبکہ کراچی میں عوام کو ہیٹ سٹروک سے بچانے کیلئے لگائے گئے ریلیف کیمپس ہٹا دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے میدانی علاقے گزشتہ روزبھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے اور سورج دن بھر آگ برساتا رہا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے ذیادہ درجہ حرارت نور پور تھل اور بہاولنگر میں ریکارڈ کیا گیا جہاں پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ دیگر شہروں میں رحیم یار خان، جوہر آباد، حیدرآباد 44، مونجودڑو ، جھنگ، منڈی بہاؤالدین ، قصور، اوکاڑہ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،ساہیوال ،خان پور 43، جہلم ،فیصل آباد، منگلا ، کوٹ ادو ، بہاولپور ، شہید بے نظیر آباد اور ملتان میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ہے ، لاہور ، راولپنڈی ،ڈیرہ غازی خان ، گوجرانوالہ ، بھکر، گجرات41 جبکہ لیہ ، پشاور، سیالکوٹ 40 میں درجہ حرارت40 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق سیدو شریف اور پنجگور میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔مظفرآباد ، کاکول ،گوادر 33 اور پسنی 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ مالاکنڈ ، کوہاٹ ، اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کے تبادلے کے بعد شہر میں عوام کو ہیٹ سٹروک سے بچانے کے لئے لگائے گئے ریلیف کیمپس ہٹا دیئے گئے ہیں، ان ہیٹ سٹروک کیمپس میں ٹھنڈے پانی ، سایہ اور برف کے سہولیات فراہم کی گئیں تھیں ۔ دوسری جانب گرمی کے ستائے لوگوں نے نہروں کا رخ کرلیا ہے اور سارا دن پانی میں غوطے لگا کر خود کو ٹھنڈا رکھنے کی کوششوں میں مصروف رہے ۔ادھر شدید گرمی کے باعث ملک کے اکثر علاقوں میں 12،بارہ گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی چیخیں نکال دیں جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگی ۔ دیہی علاقوں میں 16،سولہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ۔

مزید : صفحہ اول