امت مسلمہ کے مسائل کا حل باہمی اتحاد میں ہے ،حافظ طاہر اشرفی

امت مسلمہ کے مسائل کا حل باہمی اتحاد میں ہے ،حافظ طاہر اشرفی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)امت مسلمہ کے مسائل کا حل باہمی اتحاد میں ہے ۔ قرآن و سنت کی تعلیمات کو مشعل راہ بنا کر ہی موجودہ حالات سے نکلا جا سکتا ہے ۔ شام ، عراق، یمن ، فلسطین اور کشمیر کی صورتحال عالم اسلام کی سیاسی اور مذہبی قیادت سے متحد ہونے کا تقاضا کرتی ہے ۔ بیت المقدس کے بعد ارض حرمین الشریفین کے امن اور استحکام سے کھیلنے کے منصوبے ہر صورت ناکام بنانے ہوں گے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں استقبال رمضان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ مسلمانوں کے اللہ کی طرف رجوع کرنے کا مہینہ ہے اور اس مقدس مہینے میں مسلمانان عالم کو اپنے مظلوم بہن بھائیوں کے ساتھ بھر پور انداز میں اظہار یکجہتی کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بیت المقدس پر یہودیوں کا قبضہ ہے اور پاکستان اور سعودی عرب کے خلاف پورا کفر متحد ہو چکا ہے جس کے شواہد روز و شب ظاہر ہو رہے ہیں۔ اقوام متحدہ اور امریکہ کو شام ، عراق ، یمن ، فلسطین اور کشمیر میں بیرونی مداخلت اور قتل عام نظر نہیں آتا ۔ لیکن اقوام متحدہ اور امریکہ عرب اتحاد اور پاکستان کو نشانہ بنا رہے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اتحادی ہونے کی وجہ سے 80 ہزار بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا گیا لیکن آج امریکہ پاکستان پر ڈرون حملے کر کے پاکستان کی سلامتی اور استحکام سے کھیل رہا ہے۔ ملا اختر منصور کو امریکہ نے پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کیلئے نشانہ بنایا۔ ملا اختر منصور ایک ماہ تک ایران میں رہے ، امریکہ نے وہاں حملہ کیوں نہیں کیا۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی فنانس سیکرٹری مولانا اسد اللہ فاروق نے کہا کہ یمن میں امن کی کوششیں کرنے والے عرب اتحاد کے خلاف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کی طرف سے آنے والے بیانات قابل تشویش ہیں۔ اقوام متحدہ کو شام ، عراق ، فلسطین ، کشمیر کے مظلوم کیوں نظر نہیں آتے ؟ اقوام متحدہ نے شام میں ہونے والے قتل عام کے خلاف کیا اقدامات کیے ہیں؟ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون شام ، عراق ، فلسطین ، کشمیر کے مسلمانوں پر مظالم کرنے والوں کے سرپرست بنے ہوئے ہیں، ان کی طرف سے عرب اتحاد کے خلاف کوئی بھی قدم امت مسلمہ کے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔ پاکستان علماء کونسل لاہور کے صدر مولانا محمد مشتاق لاہوری نے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحدہے اور ڈرون حملوں کے معاملہ پر پاکستان علماء کونسل جنرل راحیل شریف کے موقف کی مکمل تائید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ڈرون حملوں کے معاملہ پر واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرے۔کانفرنس میں عمرہ اور حج پر جانے والے زائرین سے اپیل کی گئی کہ وہ ارض حرمین الشریفین کے امن اور سلامتی کیلئے حرمین الشریفین میں ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں اور جلسے جلوسوں سے دور رہیں۔ کانفرنس سے مفتی ریاض جمیل ، مولانا حسین آزاد ، مولانا اسلام الدین ، قاری عبد الحکیم اطہر ، قاری شمس الحق ، قاری غلام اللہ ، مولانا رسال الدین ، قاری زبیر زاہد ، مولانا محمد قاسم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید :

صفحہ آخر -