بلاول بھٹو کی پشاور میں نرسوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کی مذمت

بلاول بھٹو کی پشاور میں نرسوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کی مذمت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں احتجاج کرنے والی نرسوں کے ساتھ خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے ظالمانہ سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ ان نرسوں کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے او ر گرفتارکی گئی نرسوں کو فوری رہا کیا جائے ۔ اتوار کو جاری ایک بیان میں چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نرسنگ کے پیشہ ور افراد کو انسانیت کی خدمت کے لئے پوری دنیا میں احترام کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے لیکن خیبر پختونخوا کے حکمرانوں نے نرسوں کے خلاف مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور ان مظالم سے ان کامکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی نرسز کے احتجاج میں انکے ساتھ کھڑی ہے ، نرسوں کے خلاف پولیس ایکشن اور تشدد انتہائی شرمناک ہے ، ہم نرسوں یا معاشرے کے کسی بھی طبقے کے خلاف اس طرز کی ظالمانہ کاروائی کو برداشت نہیں کرینگے ۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سراپا احتجاج نرسوں سے مذاکرات کرنے کے بجائے نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والی نام نہاد حکومت نرسوں کے خلاف ریاستی جبر اور تشدد کا استعمال کر رہی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے اور خیبر پختونخواہ کی حکومت اپنے کھوکھلے سیاسی بیانات سے بے نقاب ہوگئی ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں احتجاج کرنے والی نرسوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور ساتھ ہی خیبر پختونخواہ حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنی فعالیت کو بہتر بنائے اور نرسوں کے تمام جائز مطالبات کو منظور کرے قبل اسکے کے عوام بھی ان کے احتجاج میں شامل ہوں ۔